بھُنے چنے کھائیں اور ڈاکٹر سے دور رہیں

جمعہ 10 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھُنے ہوئے چنے اکثر بے وقت بھوک لگنے پر کھانے کے کام آتے ہیں۔ چنے دراصل پھلیوں کی نسل سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنے منفرد ذائقے کی بدولت ہر خاص و عام میں شرف مقبولیت پا چکے ہیں۔

غذائی ماہرین متفق ہیں کہ ننھے منے چنے میں چکنائی، کاربوہائیڈریٹس، فائبر، پروٹین، کیلشیئم، آئرن، فولک ایسڈ، میگنیشم، زنک، وٹامن بی 6 اور فاسفورس جیسے غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں۔

کہنے والے کہتے ہیں بھُنے ہوئے چنے کا استعمال ہزاروں برس سے کیا جا رہا ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ چنے کھانے سے صحت کو کوئی فائدہ ہوتا ہے؟ چلیں اس کا جواب ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں۔

چنے کھانے کے ان گنت فوائد

انسانی جسم چنوں کو سست روی سے ہضم کرتا ہے کیوں کہ چنے میں موجود نشاستہ سست روی سے ہضم ہوتا ہے۔ اس وجہ سے بلڈ شوگر اور انسولین کی سطح بہت تیزی سے اوپر نہیں جاتی۔ اس لیے چنے کو ذیابیطس کے مریضوں کے لیے سود مند کہا جاتا ہے۔ ان سے صحت مند افراد کو بھی ذیابیطس سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔

چنے میں موجود فائبر سے جسم میں نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی ہوتی ہے جس سے امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ اگر چنوں کو غذا میں شامل کیا جائے تو کولیسٹرول کی سطح میں کمی آتی ہے۔

تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ چنوں میں غذائی فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو جسم میں سست روی سے ہضم ہوتی ہے۔ چنے کھانے کی عادت سے آنتوں کے افعال بہتر ہوتے ہیں اور قبض سے بچنا آسان ہو جاتا ہے۔

چنے کھانے سے ہمارے جسم میں فیٹی ایسڈ butyrate بنتا ہے۔ تحقیقی رپورٹس کے مطابق یہ فیٹی ایسڈ بیمار اور دم توڑتے خلیات سے نجات دلاتا ہے جس سے آنتوں کے کینسر کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔

چنے کو ذیابیطس کے مریضوں کے لیے سود مند کہا جاتا ہے

 

چنوں میں کیلشیئم، میگنیشم، فائبر اور دیگر ایسے غذائی موجود ہیں جو ہڈیوں کو مضبوط بناتے ہیں۔ کولین نامی غذائی جز یادداشت اور دیگر دماغی افعال کے لیے اہم ہوتا ہے۔ مزاج خوشگوار ہوتا ہے جبکہ دماغی اور اعصابی نظام کی سرگرمیوں کو مدد ملتی ہے۔

چنے آئرن کے حصول کا اچھا ذریعہ ہیں۔ آئرن خون کے سرخ خلیات کے لیے اہم غذائی جز ہے یہ جسمانی و دماغی نشوونما، مسلز اور صحت کے دیگر پہلوؤں کے لیے بھی اہم ہوتا ہے۔ آئرن کی کمی ہو تو خون کی کمی کا سامنا ہوتا ہے جبکہ کمزوری، تھکاوٹ اور سانس پھولنے جیسی علامات نظر آتی ہیں۔

چنے کا روزانہ استعمال کولیسٹرول اور وزن میں نمایاں کمی کر سکتا ہے

 

چنوں میں موجود پروٹین اور فائبر سے کھانے کی اشتہا کو قابو میں رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ پروٹین اور فائبر سے پیٹ بھرنے کا احساس دیر تک برقرار رہتا ہے اور جسمانی وزن میں اضافے کا باعث بننے والی اشیا سے دور رہنا آسان ہو جاتا ہے۔

کھانسی کی صورت میں بھنے چنے کا استعمال بہترین ہے۔ کھانسی کے لئے بھنے کالے چنے دو چمچ، مصری ایک چمچ، کالی مرچ اور سفید مرچ آدھا آدھا چمچ لے کر پیس کر رکھ لیں۔صبح ناشتے اور رات کھانے سے دو گھنٹے پہلے کھا لیں۔ ان شاء اللّٰہ کھانسی ٹھیک ہوجائے گی ۔

آپ شام چار بجے مٹھی بھر چنے کا روزانہ استعمال کریں تو کولیسٹرول کم کرنے کے ساتھ وزن میں بھی بغیر کسی نقصان کے نمایاں کمی کر سکتے ہیں۔ اس میں موجود پروٹین اور آئرن موٹاپا کم کرنے اور اس سے ہونے والی کمزوری سے بھی بچاتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp