عمران خان کی اپیل پر بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے پر عوام کے شکرگزار ہیں، پی ٹی آئی

جمعرات 8 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی چیئرمین عمران خان کی اپیل پر انتخابی عمل میں بڑی تعداد میں شرکت پر عوام سے اظہار تشکر کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر عمر ایوب خان اور سینیٹ میں پارٹی کے پارلیمانی قائد بیرسٹر علی ظفر نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ انتخابی عمل میں تاریخ کی بدترین ریاستی مداخلت اور قبل از انتخابات دھاندلی کے باوجود بانی چیئرمین عمران خان نے دستور، قانون اور جمہوریت پر اپنےغیرمتزلزل ایمان کا اظہار کرکے پاکستان کو نئی راہ دکھلائی ہے۔

کراچی میں انتخابی عمل میں تاخیر پر احتجاج

عمر ایوب خان اور بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ملک بھر خصوصاً کراچی میں متعدد حلقوں کے پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عمل تاخیر سے شروع ہوا یا مسلسل روک ٹوک کا شکار رہا۔

ابتدائی نتائج حوصلہ افزا ہیں، ہم واضح برتری کے ساتھ آگے ہیں

دونوں رہنماؤں نے کہا کہ بدترین قبل از انتخابات دھاندلی اور بے شمار رکاوٹوں کے باوجود عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے عمران خان اور ان کے حقیقی آزادی کے ایجنڈے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی نتائج نہایت حوصلہ افزا ہیں جن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کثیر نشستوں پر واضح برتری کے ساتھ آگے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ ابتدائی نتائج میں عمران خان کے امیدواروں کی کامیابی کے قوی امکانات کے بعد نتائج کو تشویشناک سست روی کا شکار کیا جارہا ہے۔

انہوں ںے مزید کہا کہ متعدد حلقوں میں ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں لگی اسکرینوں کی بندش کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے مینڈیٹ کو بند کمروں کی سازش کا نشانہ بنانے یا اس میں غیرقانونی چھیڑ چھاڑ کے نتائج نہایت منفی اور مہلک نتائج مرتب ہوں گے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ لندن منصوبے کے تحت ریاستی پناہ میں وطن واپس لائے جانے والے کو دونوں نشستوں سے واضح ناکامی کا سامنا ہے جبکہ اس کی جماعت شکست سے دوچار ہے۔

پی ٹی آئی کی جیت کو ہار میں بدلنے کو عوام قبول نہیں کریں گے

انہوں نے کہا کہ ملک کو بند کمروں کی سازش کے تحت سنہ 2013 کی طرح کسی لاڈلے کی فتح کی بھینٹ چڑھانے کی کوشش کی گئی تو عوام ہرگز قبول نہیں کریں گے۔

عمر ایوب خان اور بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ نتائج میں مداخلت سے شکست خوردہ عناصر کی شکست کو جبراً کامیابی میں بدلنے کی کسی کوشش کو عوام قبول نہیں کریں گے۔

امیدوار اور کارکنان دستخط شدہ فارم 45 لیے بغیر پولنگ اسٹیشن نہ چھوڑیں

انہوں نے پی ٹی آئی کارکنوں کو ہدایت کی کہ کسی جھانسے یا ترغیب میں آئیں نہ ہی اپنی توجہ دستخط شدہ اور مہر لگے نتائج کے حصول کے علاوہ کسی اور چیز کی جانب مرکوز کریں۔

ان کی مزید ہدایت تھی کہ امیدواران اور کارکنان دستخط شدہ اور مہر لگے فارم 45 حاصل کیے بغیر پولنگ اسٹیشنز نہ چھوڑیں نہ ہی مصدقہ فارم 47 لیے بغیر ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے ہٹیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابی نتائج کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے مکروہ عمل میں سہولتکاری کی بجائے نتائج کا بلاتاخیر اجرا یقینی بنائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی بےمثال تائید اور ریکارڈ کامیابی کے ساتھ ان شاءاللہ منتخب جمہوری حکومت قائم کریں گے اور بانی چیئرمین عمران خان کو جیل سے نکال کر وزارتِ عظمیٰ پر بٹھائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp