برطانیہ کی ایک کار اسکریپ کمپنی نے دل جلے افراد کو ویلنٹائن کے موقعے پر اپنے سابقہ محبوبوں کو (علامتی طور پر) کباڑ خانے کی نذر کرنے کا موقع فراہم کردیا۔
کمپنی اسکریپ کار کمپریژن نے اعلان کیا ہے کہ اس کا ’اسکریپ یور ایکس‘ پروگرام لوگوں کو اپنے سابقہ محبوبوں کو اسکریپ کردینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اپنے پروگرام کی وضاحت کرتے ہوئے کمپنی کا کہنا ہے کہ لوگ ناکارہ گاڑیوں کو پہلے اپنے سابقہ محبوبوں کے نام دیں اور پھر اسے اسکریپ ( ناکارہ گاڑی کو بطور کباڑ ٹکڑے ٹکڑے کرکے دھات کے محض ایک ڈھیر میں تبدیل کردینے کا عمل) کردینے کے لیے کباڑخانے بھجوادیں۔
حال ہی میں اپنے محبوبوں سے اپنی راہیں جدا کرلینے والے افراد کو اپنے غم بھلانے کی راہ سجاتے ہوئے کمپنی نے کہا کہ ‘اسکریپ یور ایکس’ اسکیم محدود وقت کے لیے پوری دنیا میں ہر اس شخص کے لیے کھلی ہے جو ماضی کے رشتے کی یادوں کو ردی کی ٹوکری میں ڈالنا چاہتا ہو۔
علاوہ ازیں کسی دوست کے ایسے سابق محبوب کو بھی نامزد کیا جاسکتا ہے جو کباڑ یا ردی کی ٹوکری کی نذر کیے جانے کا مستحق ہو۔
ویلنٹائن ڈے کے لیے اپنے سابقہ کو ختم کرنے کی کوشش کرنے والے کوئی بھی شخص کو صرف اپنا نام آن لائن فارم میں ڈالنا ہوگا اور یہ بتانا ہوگا کہ ان کا خاص سابق محبوب ڈمپ کیے جانے کا کیوں مستحق ہے۔
پروموشن کے دوران اسکریپ کی گئی ہر کار کے چیسس پر ایک منتخب سابق کا نام لکھا جائے گا۔ جس شخص نے اپنے سابقہ کو اسکریپنگ کے لیے نامزد کیا ہے وہ عمل کا تصویری ثبوت بھی حاصل کرے گا۔
کمپنی کے آپریشنز مینیجر ڈیوڈ کوٹاون کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر سب اپنی زندگی کے کسی نہ کسی موڑ پر بریک اپ سے گزرتے ہیں اور ہمیں احساس ہے کہ اس پر قابو پانا اور آگے بڑھنا کتنا مشکل ہو سکتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسے مشکل معاملات کو دفن کرنے کا یہ موقع اپنانے پر لوگ اپنے سابق محوب کو علامتی طور اسکریپ کرکے اپنے غموں کو ہمیشہ کے لیے بھلا سکتے ہیں۔