پشاور میں بڑا اپ سیٹ، تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شکست کھا گئے

جمعہ 9 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا میں جہاں تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے وہاں صوبائی دارالحکومت پشاور کے صوبائی حلقوں میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یوں پشاور میں بڑا اپ سیٹ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

پشاور سے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سابق وزیر صوبائی وزیر خزانہ تیمورسلیم خان جھگڑا، سابق صوبائی وزیر کامران بنگش شکست کھا گئے، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار حامدالحق اور ساجد نواز بھی پشاور سے شکست کھا گئے۔

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کامران خان بنگش کو شکست

پی کے 82 پشاور (XI) سے آزاد امیدوار ملک طارق اعوان 20334 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار کامران خان بنگش 14 ہزار 30 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے امیدوار ضیاء اللہ آفریدی 3 ہزار 830 ووٹ لے سکے۔

سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم خان جھگڑا کو شکست

خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ 79 پشاور(VIII) سے مسلم لیگ ن کے امیدوار جلال خان 16 ہزار 31 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار تیمور سلیم خان جھگڑا جو تحریک انصاف کے پچھلے دور حکومت میں صوبائی وزیر خزانہ تھے، کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مسلم لیگ ن کے امیدوار جلال خان کے مقابلے میں تیمور سلیم خان جھگڑا 11 ہزار 395 ووٹ لے سکے۔

جمعیت علمائے اسلام ف کے نور عالم خان نے پی ٹی آئی امیدوار ساجد نواز کو شکست دے دی

پشاور سے قومی اسمبلی کے حلقے 28 پشاور1 سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار نور عالم خان 1 لاکھ 38 ہزار 389 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں، تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ساجد نواز 65 ہزار 119 ووٹ لے سکے، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے کرامت اللہ خان 14 ہزار 830 ووٹ لے سکے۔

واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے نور عالم خان 9 مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف سے علیحدہ ہوگئے تھے ۔ انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) میں شمولیت اختیار کی تھی۔ نور عالم خان تحریک انصاف کے سینیٹر بھی رہ چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp