پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نوازشریف نے عام انتخابات 2024 میں جیتنے والی تمام سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کو ملک کی خاطر ساتھ بیٹھنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواہش تھی کی ہمیں سادہ اکثریت ملے لیکن ایسا نہیں ہوا اس لیے اتحادی سیاسی جماعتوں سے مل کر وفاق میں حکومت بنائیں گے۔
عام انتخابات کے بعد ماڈل ٹاؤن لاہور میں ن لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہاکہ مسلم لیگ ن انتخابات میں سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، اب ہمارا فرض ہے کہ ملک کو بھنور سے نکالا جائے۔
لاہور: قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نوازشریف عام انتخابات میں کامیابی پر خطاب کررہے ہیں۔ https://t.co/OCgWT7ltO5
— PMLN (@pmln_org) February 9, 2024
انہوں نے کہاکہ عام انتخابات میں جس کو بھی مینڈیٹ ملا ہم اس کا احترام کرتے ہیں اور سب کو دعوت دیتے ہیں کہ اس زخمی پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمارے ساتھ بیٹھو۔ ہم اپنے سینے میں پاکستان کا درد رکھتے ہیں، ضروری ہے کہ تمام جماعتیں مل کر ایک حکومت قائم کریں۔
Related Posts
نوازشریف نے کہاکہ رات کو ابھی سارے نتائج آئے ہی نہیں تھے اور لوگوں نے اپنی حتمی رائے قائم کرنا شروع دی تھی، حالانکہ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔
قائد مسلم لیگ ن نے کہاکہ پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کی ذمہ داری صرف میری، اسحاق ڈار، شہبازشریف کی نہیں، کیونکہ یہ ملک سب کا ہے۔ پاکستان کو مشکل سے نکالنے کے لیے تمام ادارے مثبت کردار ادا کریں۔
نوازشریف نے کہاکہ جو لوگ لڑائی کے موڈ میں ہیں ہم ان سے بھی نہیں لڑنا چاہتے کیونکہ ملک کو 10 سال کے لیے استحکام چاہیے، ہم سب کو مل کر بیٹھنا ہوگا۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے اپنی کوتاہیوں سے وہ مقام حاصل نہیں کیا جس کی وجہ سے پاکستان آج دنیا کی بہت بڑی طاقت ہوتا۔ ہم اپنے ادوار کی کارکردگی کا کسی سے موازنہ نہیں کرنا چاہتے۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق آزاد امیدوار 91 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں، پاکستان مسلم لیگ ن 64 نشستوں کے ساتھ دوسرے جبکہ پیپلزپارٹی 50 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔