عام انتخابات کا مرحلہ مکمل، مخصوص نشستوں کی تقسیم کا فارمولا کیا ہوگا؟

جمعہ 9 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات 2024 کے نتائج آنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

الیکشن کمیشن کے اعدادو شمار کے مطابق اب تک ملک بھر میں 139 حلقوں کے نتائج آ چکے ہیں، جبکہ 126 مزید حلقوں کے نتائج کا ابھی انتظار ہے۔ اس کے علاوہ ایک حلقے میں الیکشن ملتوی ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 51 کے تحت قومی اسمبلی تشکیل پاتی ہے۔

قومی اسمبلی کی جنرل نشستیں 266 ہیں جس میں خواتین کی مخصوص نشستیں 60 ہیں، اور اسی طرح قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی 10 مخصوص نشستیں بھی ہیں۔

صوبہ پنجاب کی بات کی جائے تو پنجاب میں جنرل نشستیں 297 ہیں جبکہ خواتین کی مخصوص نشستوں کی تعداد 66 اور اقلیتیی سیٹیوں کی تعداد 8 ہے۔

اسی طرح صوبہ خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کی تعداد 26 ہے جبکہ صوبہ سندھ میں 29 اور صوبہ بلوچستان میں 11 مخصوص نشستیں ہیں۔

مخصوص نشستیں آخر دی کیسے جاتی ہیں؟

سینیئر تجزیہ کار حافظ طاہر خلیل نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اس حوالے سے بتایا کہ سیاسی جماعتوں کو صوبے میں جیتی گئی جنرل نشستوں کی بنیاد پر مخصوص نشستیں ملتی ہیں۔ جیسے بلوچستان میں اگر 16 سیٹیں ہیں تو وہاں 4 مخصوص نشستیں ہوں گی۔ اور اس کا فارمولا ایسے ہوگا کہ 16 کو 4 پر تقسیم کیا جائے گا، جس کے بعد 4 قومی اسمبلی کے ممبرز پر ایک سیٹ دی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب میں 141 سیٹوں پر 32 مخصوص نشستیں ہوں گی اور انہیں تقسیم کرنے کے بعد 4.4 آئے گا، مطلب یہ کہ یہاں 4.4 قومی اسمبلی کی نشستیں جیتنے والے کو ایک مخصوص نشست دی جائے گی۔

طاہر خلیل نے مزید بتایا کہ سندھ میں 61 سیٹوں پر 14 مخصوص نشستیں ہیں، مطلب یہاں بھی جو جماعت 4.5 سیٹیں جیتے گی تو ایک مخصوص نشست خاتون کی ہوگی۔ یہی فارمولا خیبرپختونخوا میں بھی ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اقلیتوں کی نشستیں 10 ہیں جنہیں ٹوٹل سیٹوں پر تقسیم کر کے پارٹیوں کو اسی حساب سے دی جائیں گی۔

انہوں نے کہاکہ 14 دن کے اندر اسمبلی میں گزٹ نوٹیفیکشن جاری کرنا ضروری ہوتا ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس سے پہلے الیکشن کمیشن کی جانب سے آزاد امیدواروں کو 3 دن کا موقع دیا جاتا ہے کہ وہ اس مدت میں کسی نہ کسی سیاسی جماعت کو جوائن کر لیں۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتے اور اپنا علیحدہ گروپ بناتے ہیں تو اس صورت میں انہیں کوئی مخصوص نشست نہیں دی جاتی۔ اس سارے عمل کے بعد ہاؤس مکمل کیا جاتا ہے۔

’جو آزاد امیدوار جس پارٹی کو جوائن کرتے ہیں، اگر ایک پارٹی میں زیادہ امیدوار گئے ہیں تو اس پارٹی کو اسی لحاظ سے زیادہ مخصوص نشستیں ملیں گی‘۔

مخصوص نشستوں کا کوٹہ نکالنے کا فارمولا کیا ہے؟

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے تجزیہ کار ماجد نظامی کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں کا کوٹہ نکالا جاتا ہے، جیسے کے 60 سیٹیں ہیں تو یوں اس کا فارمولا یہ ہوگا کہ 266 کو 60 پر تقسیم کیا جائے گا تو کوٹہ نکل آئے گا۔ جس کا تقریباً کوٹہ 4.4 آئے گا۔ اس لحاظ سے 4.4 قومی اسمبلی کے ممبرز پر ایک مخصوص نشست دی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہر صوبے کی علیدہ لسٹ ہوتی ہے۔ جیسے صوبہ پنجاب میں 141 سیٹیں ہیں تو اس پر 32 مخصوص نشستیں ہوں گی، خیبر پختونخوا میں 45 سیٹوں کے بدلے 10 مخصوص نشستیں، بلوچستان میں 16 پر 4، اسی طرح سندھ میں 61 پر 14 مخصوص نشستیں اور اسلام آباد میں 3 جنرل نشستوں پر کوئی مخصوص نشست نہیں ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp