انتخابات جیتنے، ہارنے کا مقابلہ نہیں، عوامی مینڈیٹ کے تعین کی مشق ہے، آرمی چیف

ہفتہ 10 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے عام انتخابات کے انعقاد پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے قوم کے نام اپنے پیغام میں نگران حکومت، الیکشن کمیشن اور سیاسی جماعتوں کے علاوہ کامیاب امیدواروں کو بھی مبارکباد دی۔

آرمی چیف نے کہا کہ عوام کی حق رائے دہی کے لیے آزادانہ شرکت جمہوریت کے لیے عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات اور جمہوریت پاکستان کے عوام کی خدمت کا ذریعہ ہیں۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ عام انتخابات کے کامیاب انعقاد میں قومی میڈیا، سول سوسائٹی اور عدلیہ کے ارکان نے بھی تعمیری کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات جیتنے اور ہارنے کا مقابلہ نہیں بلکہ عوام کے مینڈیٹ کا تعین کرنے کی مشق ہے، سب نے ملکر قومی تاریخ کی سب سے بڑی انتخابی مشق کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنایا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہمیں غور کرنا چاہیے کہ پاکستان کہاں کھڑا ہے اور باقی اقوام میں ہمارا صحیح مقام کہاں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو انتشار اور پولرائزیشن کی سیاست سے آگے بڑھنے کے لیے مستحکم ہاتھوں کی ضرورت ہے، پولرائزیشن اور انتشار ایک ترقی پسند ملک کے لیے موزوں نہیں۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے انتخابات میں عوام نے آئین پاکستان پر اپنا مشترکہ اعتماد ظاہر کیا۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ یہ انتخابات ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام لائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp