انتخابات شفاف نہیں، جماعت اسلامی کا الیکشن کمیشن سے استعفیٰ اور غیرجانبدار کمیشن کے قیام کا مطالبہ

ہفتہ 10 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جماعت اسلامی پاکستان نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات شفاف نہیں ہوئے، لیول پلیئنگ فیلڈ کا وعدہ وفا نہیں کیا گیا، نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے میں نام رہے ہیں، الیکشن کمیشن استعفیٰ دے اور تحقیقات کے لیے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ کمیشن قائم کیا جائے۔

مزید پڑھیں

ہفتہ کے روز امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں مقابلہ جماعت اسلامی پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے درمیان تھا، لیکن پوری قوم کو پیغام دیا گیا ہے کہ کراچی کو ایک بار پھر قاتلوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اور جماعت اسلامی کے درمیان مقابلہ تھا ایم کیو ایم کا تو کہیں تھی ہی نہیں، کراچی کے تمام سروے یہی بتا رہے تھے کہ جماعت اسلامی مقبول ترین جماعت ہے۔

کراچی کو پھر قاتلوں کے حوالے کیا جا رہا ہے

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے چوتھے نمبر کی جماعت کو اٹھایا اور پوری قوم کو یہ پیغام دیا کہ ہم کراچی کو قاتلوں کے حوالے کر رہے ہیں، سب جانتے ہیں کہ متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم) کی وجہ سے کراچی کے مسائل میں اضافہ ہوا، کراچی کا امن تباہ ہوا، لیکن پھر بھی ماضی سے سبق نہیں حاصل کیا گیا۔

الیکشن کمیشن بتائے پولنگ 3 بجے کیوں شروع ہوئی، بیلٹ پیپر ایم کیو ایم کے پاس کیسے پہنچے

سراج الحق نے کہا کہ کراچی کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے حوالے کرنے کے عمل کو مسترد کرتے ہیں اور اس کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ میں پوچھتا ہوں 7 فروری کو بیلٹ پیپرایم کیوایم کے پاس کے کیسے پہنچ گئے؟، 100 پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کا عمل سہ پہر 3 بجے کیوں شروع کیا گیا؟، دُنیا میں اس کی کوائی اور مثال ملتی ہے کیا؟

کراچی میں عوام کے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے

سراج الحق نے کہا کہ ہمارے بہت سارے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 نہیں دیا گیا، ہم نے ہر جگہ احتجاج کیا ثبوت بھی فراہم کیے لیکن کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، ہم اس کو برداشت نہیں کریں گے، الیکشن کمیشن سے کہتا ہوں کہ فوری طور پر کراچی میں نتائج کا اعلان کرے، اور جن پارٹیوں کو عوام نے مینڈیٹ دیا ان کا احترام کرے۔

کراچی کے عوام کو کسی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے

کراچی الیکشن کمیشن نے شنوائی نہ کی تو ہم مرکزی الیکشن کمیشن کے پاس بھی جائیں گے، لیکن کراچی کے عوام کو ان لوگوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔ کراچی کے عوام کو پیغام دے رہے ہیں کہ ہم انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، ان کے حق کے تحفظ کے لیے بھرپورمذاحمت کریں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ ہم نے 100 سے زیادہ شکایات الیکشن کمیشن کو بھیجی ہیں لیکن فوری طور پر ہماری شکایات پر ردعمل کیوں نہیں دیا گیا۔

جعلی حکومت ملک میں استحکام نہیں لا سکتی

انہوں نے کہا کہ عوام اپنے مینڈیٹ کا تحفظ کرنا جانتے ہیں۔ نگراں حکومت، الیکشن کمیشن بروقت اور درست انتخابات کرانے میں ناکام رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کو غیر شفاف انتخابات کے انعقاد پر فی الفوراستعفیٰ دے، انتخابات شفاف نہیں ہوئے، جعلی حکومت استحکام نہیں لا سکتی۔ آزاد اور غیر جانبدار کمیشن قائم کیا جائے جو سارے عمل کو دیکھے۔

سراج الحق نے کہا کہ انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ کا وعدہ بھی وفا نہیں کیا گیا، ستم ظریفی یہ ہے کہ الیکشن کمیشن نے کراچی میں چوتھے نمبر والی جماعت کو اٹھایا اور اسی کے لیے عوام کا مینڈیٹ چوری کر لیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp