کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں 100 میچز کھیلنے والے پہلے 3 کھلاڑی؟

اتوار 11 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں 100 میچز مکمل کرلیے، ڈیوڈ وارنر یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے آسٹریلین اور دنیا کے تیسرے کرکٹر ہیں۔ انہوں نے گزشتہ جمعے کو ہوبارٹ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں نصف سنچری بنا کر اس میچ کو یادگار بنالیا تھا۔

بائیں ہاتھ کے بیٹر نے 100ویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں ففٹی پلس اسکور کے ساتھ نئی تاریخ رقم کی، ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر 70 رنز بنائے۔

وارنر نے اس سے قبل میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں جنوبی افریقا کے خلاف اپنے 100ویں ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔ وارنر نے اپنے کیریئر کے 100ویں ون ڈے میں 2017 میں بنگلورو کے ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں بھارت کے خلاف 124 رنز بنائے تھے۔ ان کی اننگز میں 04 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔

کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں 100 میچز کھیلنے والے پہلے 2 کھلاڑی کون ہیں؟

راس ٹیلر، نیوزی لینڈ

نیوزی لینڈ کے سابق لیجنڈ راس ٹیلر اس شاندار اعزاز کی چوٹی پر کھڑے ہونے والے پہلے کرکٹر تھے جنہوں نے تمام فارمیٹس میں 100 سے زائد مرتبہ اپنے ملک کی نمائندگی کی تھی۔ پرسکون رویے اور عمدہ ٹائمنگ کے لیے مشہور ٹیلر نے 2022 میں کھیل سے ریٹائرمنٹ لینے سے قبل 16 سال سے زیادہ عرصے تک نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی۔

2006 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ میچ سے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کرنے کے بعد، ٹیلر نے 50 اوورز کے فارمیٹ میں 236 میچوں میں 8،602 رنز بنائے۔ انہوں نے 2011 میں چنئی میں کینیا کے خلاف ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران 100واں ون ڈے میچ کھیلا تھا۔

ٹی 20 کھلاڑی نہ سمجھے جانے کے باوجود ٹیلر نے 102 ٹی 20 بین الاقوامی میچوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی اور ان میچوں میں 1909 رنز بنائے۔ انہوں نے فروری 2020 میں ہندوستان کے خلاف اس فارمیٹ میں ان کا 100واں میچ کھیلا تھا۔

اپنے یادگار 100ویں ٹی 20 میچ کے 3 ہفتے بعد ٹیلر نے اپنا 100واں ٹیسٹ میچ کھیلا جو ہوم گراؤنڈ ویلنگٹن میں کھیلا گیا تھا۔ ٹیلر نے ٹیسٹ کرکٹ میں 7،683 رنز بنائے ہیں جو نیوزی لینڈ کے کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے دوسرے نمبر پر ہیں۔ 39 سالہ کھلاڑی نے اپنے کیریئر کے دوران 40 بین الاقوامی سینچریاں بنائی تھیں۔

ویرات کوہلی، انڈیا

ویرات کوہلی دنیا کے دوسرے اور تینوں فارمیٹس میں کم از کم 100 میچوں میں حصہ لینے والے واحد ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔ کوہلی کا سفر 2008 میں شروع ہوا تھا، انہوں نے دنیا بھر کے ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہوئے جلد ہی تمام فارمیٹس میں اپنی جگہ بنائی تھی۔

کوہلی نے ون ڈے کرکٹ میں 50 سے زائد سینچریاں بنائی ہیں۔ کوہلی نے 292 ون ڈے میچوں میں 13848 رنز بنائے ہیں جن میں 72 نصف سینچریاں بھی شامل ہیں۔ ان کا 100واں ون ڈے میچ انگلینڈ میں 2013 آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے دوران کیریبین ٹیم کے خلاف تھا۔

ٹی 20 انٹرنیشنل میں کوہلی 117 میچوں میں 4037 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔ ایشیا کپ 2022 میں روایتی حریف بھارت اور پاکستان کے درمیان لیگ میچ کوہلی کا 100واں ٹی ٹوئنٹی میچ تھا۔

بھارت کی جانب سے 113 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے کوہلی نے ریڈ بال کرکٹ میں 8488 رنز بنائے ہیں۔ مارچ 2022 میں سری لنکا کے خلاف کوہلی 100 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے صرف 12 ویں ہندوستانی بن گئے تھے۔

80 بین الاقوامی سینچریوں اور تینوں فارمیٹس میں 50 کے قریب بیٹنگ اوسط (ون ڈے میں 58.68) کے ساتھ کوہلی بلاشبہ کرکٹ کے میدان میں جلوہ گر ہونے والے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp