بلوچستان میں خصوصی ٹرینیں کیوں چلائی جارہی ہیں؟

پیر 12 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان میں قومی شاہراہوں کی بندش اور سبی میں تبلیغی اجتماع کے پیش نظر ریلوے حکام نے خصوصی ٹرین سروس شروع کی ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق بلوچستان میں مختلف شاہراہوں کی بندش کے باعث صوبے میں خصوصی ٹرین سروسز شروع کی جارہی ہیں۔ 5 بوگیوں پر مشتمل خصوصی ٹرین کوئٹہ سے سبی کے لیے روانہ کر دی گئی ہے۔

بلوچستان سے دیگر صوبوں کی طرف جانے والی ٹرینوں میں اضافی بوگیاں بھی لگائی جا رہی ہیں،کوئٹہ سے پشاور جانیوالی جعفر ایکسپریس اور کراچی جانیوالی بولان میل میں ایک ایک اضافی بوگی لگائی جا رہی ہے۔

سبی سے ہرنائی جانیوالی پسنجر ایکسپریس میں بھی ایک اضافی بوگی لگائی جا رہی ہے، 13 فروری کو سبی سے کوئٹہ اور سبی سے ہرنائی کے لیے بھی خصوصی ٹرین چلائی جائے گی۔

ریلوے حکام کے مطابق یہ فیصلہ صوبے میں مختلف شاہراہوں کی بندش اور سبی میں تبلیغی اجتماع کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سبی میں 3 روزہ تبلیغی اجتماع جاری ہے، اجتماع کا آغاز 11 فروری سے ہوا تھا، سبی میں ونی روڈ پر تبلیغی اجتماع میں ہزاروں فرزندان توحید شریک ہیں، اجتماعی دعا کل منگل کو ہوگی۔

بلوچستان کی قومی شاہراہیں کیوں بند ہیں؟

انتخابات 2024 میں بلوچستان میں مبینہ انتخابی دھاندلیوں کے خلاف مختلف سیاسی جماعتیں سراپا احتجاج ہیں، سیاسی جماعتوں کے کارکنان نے صوبے کے 15 سے زائد مقامات پر احتجاجی دھرنے دیے ہوئے ہیں۔

احتجاجی دھرنوں کی وجہ سے بلوچستان کو پنجاب، سندھ اور خیبر پشتونخوا، افغانستان اورایران سے ملانے والی تمام شاہراہیں بند ہیں، قومی شاہراہوں پر سیاسی جماعتوں کے دھرنوں کی وجہ سے بلوچستان کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp