’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ میں شاہد کپور نے کتنا معاوضہ لیا؟

پیر 12 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شاہد کپور کی نئی فلم ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ میں شاہد کپور کا معاوضہ ماضی کے سپر اسٹار دھرمیندر سے 2300 فیصد اور کریتی سینن سے 500 فیصد زیادہ تھا، یہی نہیں فلم ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ کے لیے شاہد کپور کا معاوضہ فلم کی مجموعی کاسٹ کے معاوضے سے بھی قریباً 232 فیصد زیادہ تھا۔

شاہد کپور اور کریتی سینن کی 9 فروری کو ریلیز کی گئی فلم ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ ملے جلے جائزوں کے باوجود باکس آفس پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ فلم محبت کی کہانی ہے جس میں ایک انسان کو روبوٹ سے محبت ہو جاتی ہے۔ میڈوک فلمز کی اس فلم میں دھرمیندر، ڈمپل کپاڈیا، راکیش بیدی اور دیگر تجربہ کار اداکار شامل ہیں۔

ہمیشہ کی طرح، مرکزی کردار مرد اور خاتون ہیروئین کے معاوضے کا فرق بالکل واضح ہے جو ناقابل یقین ہے۔ کبیر سنگھ کی کامیابی کے بعد شاہد کپور نے معاوضے میں اضافہ کیا اور اپنی فلم ’جرسی‘ کے لیے 31 کروڑ روپے وصول کیے تھے۔

کریتی سینن کی بات کریں تو اداکارہ نے گزشتہ 4 برس میں معاوضے میں 3 بار کٹوتی کی۔ اوم راؤت کی فلم ’آدی پُرش‘ میں دیوی سیتا کا کردار ادا کرنے کے لیے انہیں قریباً 3 کروڑ روپے ادا کیے گئے تھے۔ تاہم انہیں اپنی پچھلی فلم کے مقابلے میں ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ میں بہت بہتر معاوضہ ملا ہے۔ ویلنٹائن ویک پر ریلیز سے ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ کی پوری کاسٹ نے کتنی کمائی کی؟

شاہد کپور کا معاوضہ

شاہد کپور کا معاوضہ پوری کاسٹ کے مجموعی معاوضے سے قریباً 232 فیصد زیادہ ہے۔ اداکار نے مبینہ طور پر اس فلم کے لیے 24 کروڑ روپے وصول کیے ہیں، جو ان کی آخری ریلیز سے کم ہے۔ درحقیقت انہیں ویب سیریز ’بلڈی ڈیڈی‘ کے لیے 40 کروڑ روپے ادا کیے گئے تھے۔ ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ کے لیے شاہد کا معاوضہ دھرمیندر سے 2300 فیصد اور کریتی سینن سے 500 فیصد زیادہ ہے۔

کریتی سینن کا معاوضہ

شاہد کپور کو فلم کے لیے کریتی کی فیس سے 6 گنا زیادہ معاوضہ دیا گیا ہے جبکہ اداکارہ کو فلم کے لیے 4 سے 5 کروڑ روپے ادا کیے گئے ہیں۔ تاہم ہاؤس فل 4 میں کامیابی کے بعد وہ قریباً 8 کروڑ روپے وصول کر رہی تھیں لیکن انہیں کئی فلاپ فلموں کی وجہ سے معاوضے میں کٹوتی کرنا پڑی ہے۔

دھرمیندر کا معاوضہ

’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کے لیےڈیڑھ کروڑ روپے لینے والے اداکار کو فلم ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ کے لیے ایک کروڑ روپے ادا کیے گئے ہیں۔ تاہم ان جیسے تجربہ کار اداکار کو اسکرین پر دیکھنا انمول ہے اور اس کا موازنہ پیسے سے نہیں کیا جاسکتا۔

ڈمپل کپاڈیا کا معاوضہ

فلم ’تو جھوٹی میں مکار‘ میں رنبیر کپور کی والدہ کا کردار ادا کرنے کے لیے 80 لاکھ روپے وصول کرنے والی اداکارہ کو فلم ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ میں سائنسدان کا اہم کردار ادا کرنے کے لیے 50 لاکھ روپے ادا کیے گئے ہیں۔

دیگر اسٹار کاسٹ

فلم کے دیگر ستاروں راکیش بیدی، راجیش کمار، انوبھا فتح پوریا اور دیگر نے فلم کے لیے 12 سے 20 لاکھ روپے کے درمیان معاوضہ لیا ہے۔ ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ سینما گھروں میں چل رہی ہے اور فلم نے 2 دن میں 17 کروڑ 52 لاکھ روپے کا بزنس کیا ہے۔

’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ کی کہانی

فلم کی کہانی یہ ہے کہ شاہد کپور کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال کرتے ہوئے بنائے گئے روبوٹ سے عشق ہو جاتا ہیں۔ روبوٹ کا کردار کریتی سینن نے ادا کیا ہے، ان کے کردار کا نام سیفرا ہے۔ شاہد کپور کے کردار کا نام آرین اگنی ہوتری ہے اور وہ ایک انجینئر ہیں۔ آرین کو نہ صرف روبوٹ سے پیار ہوجاتا ہے بلکہ اس سے شادی بھی کرلیتا ہے۔ فلم قریباً 50 کروڑ روپے کے بجٹ سے بنائی گئی ہے۔ شائقین شاہد اور کریتی کی کیمسٹری کو بھی پسند کر رہے ہیں۔ فلم کو انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس (آئی ایم ڈی بی) پر 6.5 ریٹنگ ملی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp