پاکستان میں انتخابی نتائج مکمل ہونے کے بعد حکومت سازی کا مرحلہ شروع ہوچکا ہے جس کے لیے پاکستان ملسم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان اتحادی حکومت بنانے پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے۔ دوسری جانب آزاد حیثیت میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کا مختلف سیاسی جماعتوں میں شمولیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
مزید پڑھیں
اب تک قومی اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب ہونے والے 5 اور پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب ہونے والے 9 آزاد اُمیدواروں نے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
این اے 48 اسلام آباد سے منتخب ہونے والے آزاد امیدوار راجہ خرم نواز نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا ہے، راجہ خرم نواز مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدوار تھے اور اس حلقے میں ن لیگ نے استحکام پارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے امیدوار میدان میں نہیں اتارا تھا۔اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد کردہ امیدوار علی بخاری تھے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس حلقے کا نتیجہ روکنے کا حکم جاری کر رکھا ہے تاہم الیشکن کمیشن آف پاکستان نے راجہ خرم نواز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
اسی طرح این اے 54 راولپنڈی سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے بیرسٹر عقیل انجم نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار عذرا مسعود تھیں جن کا دعویٰ ہے کہ فارم 45 کے نتائج کے مطابق وہ 35 ہزار کی برتری کے ساتھ نشست جیت چکی ہیں۔
Mnas Mpas Joined Pmln by Iqbal Anjum on Scribd
پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کرنے والے نو منتخب رکن قومی اسمبلی میں لاہور کے حلقہ این اے 128 سے وسیم قادر ہیں۔ یہ اب تک واحد رکن قومی اسمبلی ہیں جو پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ تھے اور ن لیگ میں شامل ہوگئے ہیں۔
این اے 189 راجن پور سے آزاد حیثیت میں کامیاب ہونے والے سردار شمشیر مزاری چوتھے رکن قومی اسمبلی ہیں جو مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے ہیں، اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار زاہد خان مزاری تھے۔
این اے 253 ڈیرہ بگٹی سے کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار میاں خان بگٹی نے بھی پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد کردہ امیدوار صدام ترین تھے۔
صوبائی اسمبلی سے پاکستان تحریک انصاف کے کتنے امیدوار ن لیگ میں شامل ہوئے؟
اب تک پنجاب اسمبلی کے 9 آزاد حیثیت میں کامیاب ہونے والے امیدواروں نے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
پی پی 48 پسرور سے خرم ورک نے پاکستان مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار احسن عباس تھے۔
اسی طرح پی پی 49 سے رانا فیاض نے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا ہے جہاں پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار منور گل تھے۔
ضلع چنیوٹ سے پی پی 94، 96 اور 97 سے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے والے آزاد امیدوارں کا تعلق بھی پاکستان تحریک انصاف سے نہیں ہے۔
ضلع پاکپتن سے پی پی 195، ضلع بہاولنگر کے پی پی 240، بہاولپور پی پی 249 اور راجن پور پی پی 297 سے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے والے ارکان پنجاب اسمبلی کا تعلق بھی پاکستان تحریک انصاف سے نہیں تھا۔