جماعت اسلامی پاکستان (جے آئی پی) کے امیر سراج الحق نے امیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے جبکہ جماعت اسلامی کے دستور کے مطابق ان کے عہدے کی آئینی مدت پوری ہونے کے بعد 31 مارچ کو نئے امیر کے انتخاب کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے استعفے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے انتخابات میں شکست کے بعد عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
ادھر دوسری جانب امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے بطور امیر کے عہدے کی دوسرے دورانیے کی مدت بھی مارچ میں پوری ہو رہی ہے اور نئے امیر کے انتخاب کے لیے جماعت اسلامی پاکستان نے شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔
جماعت اسلامی پاکستان کے ذرائع کے مطابق نئے امیر کے پینل میں سراج الحق، لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم الرحمان کے نام رکھے گئے ہیں۔
جماعت اسلامی پاکستان (جے آئی پی ) کے دستور کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان کا انتخاب ہر 5 سال بعد ہوتا ہے، جس کے لیے باقاعدہ الیکشن کمیشن قائم کیا جاتا ہے اور ملک بھر سے جماعت اسلامی کے کارکن خفیہ رائے دہی کے ذریعے نئے امیر کا چناؤ کرتے ہیں۔
جماعت اسلامی کے دستور کے مطابق امیر کے انتخاب کو ہر طرح سے شفاف بنانے کے لیے پینل میں شریک امرا، کارکنوں میں کسی بھی طرح کی مہم بھی نہیں چلا سکتے، اس انتخاب میں اراکین جماعت کو اپنے امیر کے انتخاب میں مکمل طور پر آزادی حاصل ہوتی ہے۔
جماعت اسلامی پاکستان کے الیکشن کمیشن کے سربراہ راشد نسیم نے امیر جماعت کے انتخاب کے پہلے مرحلے میں اراکیں جماعت کی راہنمائی کے لیے 3 ناموں کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
دستور کے مطابق اراکین جماعت اسلامی ان 3 کے علاوہ بھی کسی رکن کو امیر جماعت کے منصب کے لیے نامزد کرنے کے لیے اپنی رائے دے سکتے ہیں۔ امیر جماعت کے انتخاب کے تمام مراحل 31 مارچ2024 تک مکمل کر لیے جائیں گے جب کہ اپریل میں نئے امیر جماعت اسلامی کا باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا۔
جماعت اسلامی پاکستان کا الیکشن کمیشن صدر راشد نسیم اور دیگر ارکان بلال قدرت بٹ، سردار ظفر حسین، ڈاکٹر عطا الرحمن اور انجینیئر اخلاق احمد پر مشتمل ہے۔