اقتدار کی شرمناک بندر بانٹ عوامی فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھنے کے مترادف ہے، پی ٹی آئی

پیر 12 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

8 فروری کو اپنے ووٹ کے ذریعے پاکستان کے عوام نے اپنی سیاسی و جمہوری پختگی کا سکّہ منوایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اہم اجلاس کے فیصلوں سے متعلق جاری بیان میں کیا گیا ہے۔

عوام نے بانی چیئرمین کو حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ سے نوازا ہے

کورکمیٹی تحریک انصاف کے مطابق پاکستانی عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے بانی چیئرمین کو حب الوطنی کا بےمثال سرٹیفکیٹ دیتے ہوئے ان کی جماعت کو واضح اکثریت سے نوازا ہے۔ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر پاکستان کو مجرموں کے حوالے کرنے کی غیرجمہوری، غیرقانونی، غیر سیاسی اور غیراخلاقی کوششوں کی ہر سطح پر بھرپور مزاحمت کریں گے۔

عوام کے مینڈیٹ کی کھلی توہین

کورکمیٹی تحریک انصاف کے جاری بیان کے مطابق عوام کے مینڈیٹ کی کھلی توہین کرتے ہوئے مسترد شدہ گروہوں کے مابین اقتدار کی شرمناک بندر بانٹ عوام کی رائے اور فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھنے کے مترادف ہے۔ جمہوریت کے بہیمانہ قتل اور عوام کے ووٹ کی حرمت پامال کرنے والوں کا پارلیمان کے اندر اور باہر ہر جگہ پر تعاقب کریں گے۔

جماعتِ اسلامی

کورکمیٹی تحریک انصاف کے مطابق الیکشن کمیشن کے مجرمانہ کردار، اس کی مذموم جانبداریت اور انتخابات کی عدم شفافیت پر جماعتِ اسلامی سمیت قومی سطح کی جماعتیں سنجیدہ ترین سوالات اٹھا رہی ہیں۔

خصوصی کمیٹیاں قائم

علاوہ ازین کورکمیٹی تحریک انصاف کے مطابق مرکز، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حکومت سازی کی حکمتِ عملی کیلئے خصوصی کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں، کمیٹیوں کی سفارشات اور حکمتِ عملی کی روشنی میں اہم حکومتی و پارلیمانی عہدوں کے لیے نامزدگیوں کا عمل جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp