’آؤ ایک کتاب خرید کر غزہ کے بچوں کی مدد کریں، فاطمہ بھٹو سمیت دنیا کے معروف مصنفین کی مہم جاری

منگل 13 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اکتوبر 2023 کے پہلے ہفتے سے غزہ میں اسرائیل اور حماس کی جنگ میں 27,000 سے زائد فلسطینی شہری جاں بحق اور 66,000 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ 11,500 سے زیادہ بچے بھی اسرائیل کی بربریت کا نشانہ بنے ہیں، جنگ کو تقریباً 323 دن گزر چکے ہیں، لیکن غزہ میں انسانی بحران بدستور سنگین ہوتا جا رہا ہے۔

سیو دی چلڈرن کے مطابق غزہ میں تباہی کے دوران روزانہ 10 سے زائد بچے ایک یا ایک سے زیادہ اعضاء کھو رہے ہیں اور معالجین کو 1000 سے زیادہ بچوں کی ایک یا دونوں ٹانگیں کاٹنا پڑ رہی ہیں۔

حقیقت اور بھی خوفناک ہے کیوں کہ غزہ میں طبی سامان اور طبی عملے کی شدید قلت ہے، اقوام متحدہ نے غزہ کو فلسطینی بچوں کے لیے ‘قبرستان’ قرار دیا ہے۔

جہاں اسرائیل کی جارحیت سے معصوم فلسطینی بچے لقمہ اجل بن رہے ہیں یا معذور ہورہے ہیں، ایسے میں سماجی شخصیات کی جانب سے غزہ کے بچوں کی مدد کرنے کی محدود پیمانے پر کوشش بھی جاری ہے۔

پاکستان کی معروف مصنفہ اور سابق پاکستانی سیاستدان مرتضی بھٹو کی صاحبزادی فاطمہ بھٹو سمیت کئی نامور مصنفین نے غزہ جنگ میں شدید زخمی ہونے والے بچوں کو مدد فراہم کرنے کے لیے آن لائن کتابوں کی نیلامی شروع کی ہے۔

سوشل میڈیا ایکس پر #BooksforGazaکے نام سے ٹرینڈ بھی چلایا جارہا ہے، کتابوں کی آن لائن نیلامی انڈیا کی مصنف سونیا فلیرو،پاکستان کی مصنف فاطمہ بھٹو اور لٹریری ایجنٹ جولیا کی سربراہی میں ہورہی ہے۔

آن لائن کتابوں کی نیلامی سے حاصل ہونے والی آمدنی غزہ میں بچوں کو طبی امداد فراہم کرنے، لبنان میں ان کا علاج کرنے کے لیے ہے، غزہ میں طبی عملے کی امداد بھی اس فنڈز سے کی جائے گی، اس فنڈز کو ’غسان ابو سیٹہ چلڈرن فنڈ‘ کا نام دیا گیا ہے۔

آن لائن کتابوں کی نیلامی میں دنیا کے معروف مصنفین سیلی رونی، محسن حامد، کمیلا شمسی، علی اسمتھ، روپی کور، ایلف شفک، لارین گروف، اولیویا لینگ، نومی کلین اور ٹومی اورنج کی کتابیں فروخت کے لیے پیش کی جارہی ہیں، کتابوں کی اس نیلامی میں بچوں کے پسندیدہ مختلف مصنفین جیسا کہ نکیش شکلا، کیتھرین رونڈل اور جیمی اسمارٹ کی کتابیں بھی نیلام کی جارہی ہیں، کتابوں کی آن لائن نیلامی 15 فروری تک جاری رہے گی۔

نیلامی میں ہر کتاب کی قیمت 35 پاؤنڈ رکھی گئی ہے، لیکن اگر کوئی خریدار مقررہ قیمت سے زیادہ کی استطاعت رکھتا ہے تو وہ زیادہ رقم دے سکتا ہے، اکٹھے ہونے والے تمام فنڈز ذریعے غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے معذور ہونے والے بچوں کی سرجری کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔

ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں فاطمہ بھٹو نے لکھا کہ ’آؤ ایک کتاب خریدیں اور غزہ کے بچوں کو دکھائیں کہ دنیا نے ان کے مصائب پر آنکھیں بند نہیں کیں اور نہ کبھی وہ آنکھیں بند کرے گی۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp