پی ٹی آئی قومی اسمبلی کی 180 سیٹیں جیت چکی ہے، بیرسٹر گوہر

منگل 13 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاق میں جیت چکی ہے، پنجاب، کے پی اور وفاق میں تحریک انصاف چھوٹی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنائے گی۔

بیرسٹر گوہر نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2 اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد تحریک انصاف کوشش کررہی تھی کہ الیکشن ہوں اور آزادانہ طور پر صاف و شفاف الیکشن ہوں، لیکن سب نے دیکھا کہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار پارٹی نشان کے ساتھ حصہ نہ لے سکے، پھر پارٹی قیادت کو دور رکھا گیا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پھر عمران خان کو 3 سزائیں سنا کہ یہ پیغام دیا گیا کہ عمران خان لمبے عرصے تک جاچکے، آپ کسی اور طرف دیکھیں، لیکن عوام نے پی ٹی آئی کو سرخرو کیا، ملکی تاریخ میں پہلی بار قیادت کے جیل میں ہونے کے باوجود عوام نے پی ٹی آئی کو بھرپور مینڈیٹ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی تینوں سیٹیں تحریک انصاف جیت چکی ہے، بلوچستان کی 16 سیٹوں میں سے ہم 4 سیٹیں جیتے ہیں، پنجاب سے قومی اسمبلی کی 139 سیٹوں میں سے ہم 115 سیٹیں جیتے ہیں، اسی طرح سندھ میں قومی اسمبلی 61 سیٹوں میں سے پی ٹی آئی 16 سیٹیں جیتی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی 44 سیٹوں میں سے 42 جیت چکے ہیں، اس طرح تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 180 سیٹیں جیت چکی ہے اور یہ پی ٹی آئی کا مینڈیٹ ہے، عوام کے ووٹ کا احترام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عدلیہ اور الیکشن کمیشن سے درخواست کرتے ہیں کہ جلد سے جلد ہماری درخواستوں پر فیصلہ کیا جائے تاکہ مینڈیٹ عوام کو ملے، عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ کے پی، پنجاب اور وفاق میں پی ٹی آئی حکومت بنائے، ہم چھوٹی پارٹیوں کو ملا کر حکومت بنائیں گے لیکن ایم کیو ایم، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے علی امین گنڈا پور کو وزیراعلی خیبرپختونخوا نامزد کیا ہے، پنجاب میں وزیراعلی کون ہوگا اس کا اعلان بھی عمران خان کی مشاورت سے سامنے آئے گا، وفاق میں بھی پی ٹی آئی حکومت بنائے گی، وزیراعظم کے نام کا اعلان بھی عمران خان کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp