پاکستان مسلم لیگ ن (پی ایم ایل این) کے سینیئر رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ انتخابات میں حصہ لیتا تو ضرور کامیاب ہوتا لیکن پارٹی کے فیصلوں کے سامنے سر تسلیم خم کرنا پڑتا ہے۔
وی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے طلال چوہدری نے کہاکہ نواب شیر وسیر تحریک عدم اعتماد کے دوران پی ٹی آئی کو چھوڑ کر آئے تھے اس لیے لوگوں کے اندر ان کے لیے غم و غصہ موجود تھا۔ میں نے اپنی طرف سے مہم میں کوئی کمی نہیں کی لیکن عوام نے ان کو ووٹ نہیں دیا۔
انہوں نے کہاکہ اس بار عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر نہیں بلکہ بیانیے کی بنیاد پر ووٹ دیا ہے۔
مزید پڑھیں
’ ساڈی گل ہوگئی نے نقصان پہنچایا‘
سابق وفاقی وزیر طلال چوہدری نے کہاکہ ’ساڈی گل ہو گئی اے‘ والا جملہ ہمارے مخالفین نے عوام کے ذہنوں میں ڈال دیا جس نے ہمیں نقصان پہنچایا۔ اس کے علاوہ عمران خان کو مختلف کیسز میں سزا سنائے جانے کی وجہ سے بھی لوگوں کے دلوں میں بانی پی ٹی آئی کی ہمددری بڑھی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہاکہ اس وقت ضروری ہے کہ حکومت سازی کا عمل فوری مکمل ہو کیونکہ معاشی صورتحال بہت خراب ہے اور انتظار کی صورت میں مزید بگڑ جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار اکثریت میں ہیں تو حکومت بنالیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔
طلال چوہدری نے کہاکہ ملک کو بھنور سے نکالنے کے لیے مسلم لیگ ن سے بہتر ٹیم کسی کے پاس نہیں، ہمارے پاس ایسے منجھے ہوئے لوگ ہیں جنہوں نے کام کر کے دکھایا۔ ہم ماضی میں بھی اپنی کارکردگی دکھا چکے ہیں۔
مریم نواز میں وزیراعلیٰ پنجاب بنے کی اہلیت ہے
ایک سوال کے جواب میں طلال چوہدری نے کہاکہ مریم نواز کو چاہے وفاق میں ذمہ داری ملے یا پنجاب میں وہ اپنی بھرپور ذمہ داری ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
’ہیلتھ کارڈ کی بانی مریم نواز ہیں، ایجوکیشن سیکٹر میں وہ کام کر چکی ہیں، ہمیں ایسے لگتا ہے کہ وہ میڈیا سیل دیکھتی تھیں لیکن ان کی ملک اور پارٹی کے لیے بہت سی خدمات ہیں‘۔
طلال چوہدری نے کہاکہ مریم نواز شریف فیملی کے ایجوکیشن کے حوالے سے بہت سے ٹرسٹ چلاتی رہی ہیں، اس طرح وہ مختلف اسپتالوں کے معاملات کو بھی دیکھتی رہی ہیں۔ مریم نواز آؤٹ آف باکس سوچتی ہیں، وہ اگر وزیراعلیٰ پنجاب بنتی ہیں تو روایتی قسم کی وزیراعلیٰ نہیں ہوں گی۔
9 مئی والوں کو معاف نہیں کریں گے
ایک سوال کے جواب میں طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے 9 مئی کرنے والوں کو ڈھیل دی ہوئی اور ٹھیک طریقے سے عدالتوں کے سامنے چیزیں نہیں رکھی جا رہیں۔ ’9 مئی کا سانحہ کرنے والوں کا حساب ہوگا، کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا‘۔