‘بیٹے کے قتل کی ایف آئی آر میں کسی کو نامزد نہیں کروں گا’

ہفتہ 11 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تحریک انصاف کےمقتول کارکن علی بلال المعروف ظلِ شاہ کے والد نے کہا ہے کہ بیٹے کے قتل کی ایف آئی آر میں کسی کو نامزد نہیں کروں گا۔

ٹوئٹر پر تحریک انصاف کے جاں بحق کارکن علی بلال عرف ظل شاہ کے والد کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ بیٹے کے قتل کی ایف آر میں وزیر اعلٰی کو نامزد کرنا چاہتا ہوں نہ ڈی آئی جی کو اور نہ آئی جی کو، نہ ایس ایچ او کو اور نہ کسی اور کو۔

انہوں نے کہا کہ جب میں جائے وقوعہ پر تھا ہی نہیں تو کیوں کسی کو خراب کروں، میں نے اللہ کو جواب دینا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور میں تحریک انصاف کی عدلیہ بچاؤ ریلی کے دوران ظلِ شاہ کی تشدد سے موت واقع ہوگئی تھی۔ تحریک انصاف نے دعوٰی کیا تھا کہ ظلِ شاہ کی موت پولیس تشدد کے باعث ہوئی ہے۔

سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ نے ظلِ شاہ کی پولیس تشدد سے ہلاکت کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی ہلاکت کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی ممکن ہوسکے گا۔

مقتول علی بلال کے والد کی جانب سے تھانہ ریس کورس کو دی گئی ابتدائی درخواست میں نگران وزیراعلی محسن نقوی، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور سب انسپکٹر ریحان سمیت دیگر کو نامزد کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp