امریکی صدر بائیڈن نے پاکستان کے لیے مالی امداد دوگنا کرنے کی تجویز دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امداد پاکستان کی تباہ کن سیلاب سے بحالی میں معاونت اور توانائی کی فراہمی کو متنوع بنائیں گی۔
بھارتی ویب سائٹ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے پاکستان کے لیے مالی سال 2024 کے لیے معاشی امدادی فنڈ کو دوگنا کرکے 82 ملین ڈالر کرنے کی تجویز پیش کی ہے تاکہ تباہ کن سیلاب سے اس کی بحالی، توانائی کی فراہمی میں تنوع اور ہنگامی تیاری کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے امدادی سرگرمیوں میں مدد مل سکے۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے پاکستان کے لیے امداد نجی شعبے کی اقتصادی ترقی کو وسعت دے گی۔ جمہوری اداروں کو مضبوط کرے گی۔ صنفی مساوات کو آگے بڑھائے گی اور خواتین کو بااختیار بنائے گی۔
محکمہ خارجہ کی بجٹ تجویز کا کہنا ہے کہ اکنامک سپورٹ فنڈ کے زمرے کے تحت اکتوبر میں شروع ہونے والے مالی سال 2024 کے لیے پاکستان کو 82 ملین ڈالر دئیے جائیں۔ 2022 میں یہ امداد 39 ملین ڈالر تھی۔
پاکستان کو بین الاقوامی منشیات اور قانون نافذ کرنے والے زمرے کے تحت 17 ملین ڈالر اور بین الاقوامی فوجی تعلیم اور تربیت کے زمرے کے تحت مزید 3.5 ملین ڈالر ملنے کی بھی تجویز ہے۔
انتظامیہ نے امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کی جانب سے عالمی صحت پروگرام کے زمرے کے تحت پاکستان کو 32 ملین ڈالر کی بھی تجویز دی ہے۔