تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کون ہوں گے؟

بدھ 14 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں مجلس وحدت المسلمین میں شمولیت کا اعلان کر رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے آزاد امیدواروں کے کامیابی کے نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے فوراً بعد پی ٹی آئی کے امیدوار ایم ڈبلیو ایم میں شمولیت کا اعلان کردیں گے جبکہ دوسری جانب مخصوص نشستیں حاصل کرنے کے لیے بھی الیکشن کمیشن میں فہرست جمع کروائی جائے گی۔

مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی جانب سے مل کر حکومت بنانے کے اعلان کے بعد حکومت سازی کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔ دونوں جماعتوں کی جانب سے سابق وزیراعظم شہباز شریف کو ایک بار پھر متفقہ طور پر وزیراعظم کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

دوسری جانب شہباز شریف کے مقابلے میں پی ٹی آئی کا امیدوار کون ہوگا اس حوالے سے پارٹی نے مشاورت شروع کردی ہے۔ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اپنی سفارشات سابق وزیراعظم عمران خان تک پہنچائیں گی، جس کے بعد وزیراعظم، اپوزیشن لیڈر، اسپیکر قومی اسمبلی، اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا۔

وزیراعظم کا امیدوار کون ہوگا؟

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعظم کے امیدوار کے لیے مختلف ناموں پر غور کیا جارہا ہے جن میں خواتین ارکان قومی اسمبلی بھی شامل ہیں۔ خواتین رکن قومی اسمبلی میں زرتاج گل وزیر اور شاندانہ گلزار وزیراعظم کے امیدوار کے لیے فیورٹ ہیں تاہم اپوزیشن لیڈر کے طور پر پارٹی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کا نام بھی فیورٹ ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ کچھ پارٹی رہنماؤں نے شیر افضل مروت کو اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داریاں دینے کی بھی خواہش کا اظہار کیا ہے لیکن پارٹی کے سینیئر ارکان کی قومی اسمبلی میں موجودگی کے باعث ان کے نام پر فائنل ہونے کا امکان کم ہے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ایک بار پھر اسپیکر قومی اسمبلی و اپوزیشن لیڈر کی دوڑ میں شامل ہوں گے جبکہ شہریار آفریدی اور علی محمد خان کا نام بھی زیر غور ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp