تحریک انصاف سے پیپلزپارٹی کے بیک ڈور رابطے، کیا بات ہوئی؟

جمعرات 15 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے پاکستان تحریک انصاف کی سینئیر قیادت سے  بیک ڈور رابطے کر کے حکومت قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تاہم سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سےتاحال مثبت جواب نہ آنے کی وجہ سے ڈیڈلاک برقرار ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ شہباز شریف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرنے کے بعد بھی پیپلزپارٹی کی طرف سے پی ٹی آئی کی قیادت کو پیغامات بھجوائے گئے تھے تاہم ڈیڈلاک تاحال برقرار ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی لطیف کھوسہ کے ذریعے دونوں جماعتوں کے درمیان دوریاں ختم کرنے کی کوشش کی۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں نے اس حوالے سے پیپلزپارٹی کو پیغام دیا ہے کہ یہ معاملہ ان کے اختیار میں نہیں ہے، پارٹی کے تمام سیاسی فیصلے سابق وزیراعظم عمران خان ہی کرتے ہیں۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی پیپلزپارٹی کی جانب سے رابطہ کاری پر سابق وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کیا ہے۔

جمعرات کو اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات میں سابق وزیراعظم عمران خان نے ان تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے جو موجودہ انتخابات نتائج تسلیم کرنے سے انکاری ہیں تاہم پیپلزپارٹی کے ساتھ ڈیڈلاک تاحال برقرار ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات روف حسن نے منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے علاوہ تمام جماعتوں سے مذاکرات کرنے کا کہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp