پی ٹی آئی سے اتحاد، مولانا فضل الرحمٰن کتنا سیاسی فائدہ سمیٹ سکیں گے؟

جمعہ 16 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے گزشتہ روز ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ وہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کے حق میں نہیں تھے اورسابق سربراہ آئی ایس آئی جنرل فیض حمید نے ان سے کہا تھا کہ اگر آئینی طریقہ کار کے تحت حکومت گرا سکتے ہیں تو گرا دیں۔

مولانا فضل الرحمن نے یہ بھی کہا کہ جنرل باجوہ اور فیض حمید نے تحریک عدم اعتماد سے قبل تمام سیاسی پارٹیوں کی موجودگی میں بتایا کہ حکومت کو کیسے ختم کرنا ہے۔

مولانا فضل الرحمن کے ان چند بیانات نے سوشل میڈیا صارفین کو بھی متحرک کر دیا ہے لیکن اہم بات یہ ہے کہ مولانا صاحب کے بیانات کس حد تک حقیقت پر مبنی ہیں؟

سیاسی تجزیہ کار سہیل وڑائچ سمجھتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمن نے ان حالیہ بیانات سے اپنے خلاف پی ٹی آئی کی نفرت کم کرنے کی کوشش کی ہے۔ ’انہوں نے ان بیانات سے اپنے آپ کو اینٹی اسٹیبلشمنٹ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے لیکن حقیقت مولانا صاحب کے بیانات کے بالکل برعکس ہے۔‘

سہیل وڑائچ کے مطابق جنرل فیص حمید تو عمران خان کو پسند کرتے تھے لہذٰا ایسا کیسے ہو سکتا ہے کہ وہ اپنے فیورٹ کو نکالنے کے لیے عدم اعتماد کا حصہ بنتے، اس کے علاوہ جنرل باجوہ بھی عدم اعتماد کے حق میں نہیں تھے۔

سہیل وڑائچ کا کہنا ہے کہ جنرل باجوہ اور فیض حمید دونوں کی جانب سے ہی ان بیانات کی ترید کی جا چکی ہے۔ ’یہ تو دوسری لابی تھی جو عمران خان کو مزید اقتدار میں نہیں دیکھنا چاہتی تھی لیکن مولانا صاحب نے اس لابی کا ذکر نہیں کیا، انہیں اس لابی کا ذکر کرنا چاہیے تھا۔‘

سینئر صحافی اور تجزیہ کار طلعت حسین نے مولانا صاحب کے ان بیانات کو حقیقت کے پس منظر میں دیکھنے پر زور دیا تاکہ ا ان کے بیانات کی سچائی کو پرکھا جاسکے، ان کے مطابق عدم اعتماد کے آغاز سے میٹنگز اور اس سارے کیلنڈر کو دیکھیں تو بہت سی چیزیں واضح ہو جاتی ہیں۔

طلعت حسین کا کہنا تھا کہ ایسا بھی ممکن ہے کہ مولانا صاحب کو کوئی غلط فہمی ہو گئی ہو، یا پھر وہ کہنا کچھ اور چاہتے ہوں اور کہہ کچھ اور دیا ہو۔ ’۔۔۔لیکن مولانا صاحب سے غلط فہمی ہوتی نہیں ہے، جہاں تک بات یہ ہے کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا؟ تو ہو سکتا ہے کہ انہوں نے ایک سگنل دیا ہے کہ انہیں سب معلوم ہے۔‘

طلعت حسین کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے خود کو ’اینٹی اسٹبلشمنٹ‘ بتاتے ہوئے یہ کہنے کی کوشش کی ہے کہ سیاسی طور پر اگر کسی نے انہیں ’سائیڈ لائن‘ کرنے کی کوشش کی تو وہ سب کا بھانڈا پھوڑ دیں گے۔

طلعت حسین کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد سے مولانا صاحب کی عزت پر مزید دھبہ لگے گا کیونکہ ماضی میں وہ عمران خان اور پی ٹی آئی کو یہودی جماعت کہتے رہے ہیں اور عمران خان بھی ان کو مختلف القابات سے نوازتے رہے ہیں۔

’اس سے مولانا صاحب کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔ اور یہ دانشمندی بھی نہیں ہے۔ باقی پی ٹی آئی نے جو کچھ حاصل کرنا تھا وہ انتخابات میں کر چکے ہیں۔‘

تجزیہ کار ماجد نظامی کہتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمن کے بیانات سیاسی منظر پر ہلچل ضرور مچائیں گے کیونکہ عمران خان کے بعد ایک دوسرے بڑے قومی رہنما کی جانب سے سابقہ اسٹبلشمنٹ پر واضح تنقید کی گئی ہے، اس لیے ان بیانات کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

’۔۔۔البتہ واقعات کی ٹائم لائن اور سابقہ اسٹبلشمنٹ کے ذمہ داران کے کردار کے حوالے سے مزید مستند معلومات کا سامنے آنا ضروری ہے، بظاہر ان بیانات سے مولانا فضل الرحمن کو فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ جے یو آئی اور پی ٹی آئی کا اتحاد قومی اسمبلی اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں کوئی واضح تبدیلی نہیں لا سکے گا۔

ماجد نظامی کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کو پہلے ہی اکثریت حاصل ہے جبکہ قومی اسمبلی میں بھی دونوں جماعتوں کے اتحاد سے کوئی بڑا فرق نہیں پڑ سکے گا کیونکہ حکومت ہی نہیں بن پائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp