شہبازشریف کاعمران خان پر آئی ایم ایف پروگرام کیخلاف سازشوں کاالزام

ہفتہ 11 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے عمران خان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین اپنے ہی آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کو ناکام کرنے کی کوشش کررہے ہیں کیوں کہ یہ شخص نہیں چاہتا کہ غریب کو مہنگائی سے نجات ملے اورہماری معیشت مستحکم ہو۔

سرکاری خبررساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق ہفتہ کووزیراعظم ہاؤس سے جاری اپنے ایک بیان میں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر افراتفری پھیلانا اور فتنہ فساد کرنا اس کے ایجنڈے کا ایک حصہ ہے جبکہ دوسری جانب یہ شخص عدالت کو تلاشی دینے سے کترارہا ہے کیوں کہ یہ قومی مجرم ہے۔

عمران خان نے عدالتوں میں پیش نہ ہوکربزدلی کی انتہا کر دی

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ عمران خان نے عدالتوں میں پیشی کے بجئے بھاگ بھاگ کر بزدلی کی انتہا کردی ہے یہ ایسے لوگ ہیں جو پہلے قوم کے ساتھ کیے گئے وعدوں سے بھاگے اور اب عدالتوں سے بھاگ رہے ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ میاں نوازشریف سمیت مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت نے نیب نیازی گٹھ جوڑ کے بدترین انتقام کاسامنا کیا اور اپنے فیملی ممبران سمیت قانون کے آگے سرنڈرکیا اور وہ ایسا وقت تھا جب مسلم لیگ ن کے رہنما سزائے موت کی چکیوں میں رہے اور ہیروئن جیسے جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا۔

زرعی ملک ہونے کے باوجود اجناس درآمد کرنا افسوس ناک امر ہے،وزیراعظم

قبل ازیں وزیراعظم پاکستان نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو زرعی پیداوار میں بہتر کرکے بہت سے معاشی مسائل سے نجات دلائی جاسکتی ہے اس لیے ضروری ہے کہ زرعی اجناس کی عوام تک فراہمی سمیت فوڈ چین کوبہتربنانے کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے اور زرعی اصلاحات پر کام جلد مکمل کیاجائے۔

 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود ہمیں زرعی اجناس کی درآمد کرنا پڑ رہی  ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے کپاس کی پیداوار میں اضافے کا فیصلہ کرتے ہوئے فصل کومنافع بخش بنانے کے لیے ذمہ داران کو ٹاسک دے دیا اور کہا کہ کاشت کاروں کو فصل کی منافع بخش قیمت ادا کریں گے ۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مرکز اور صوبوں کی سطح پر زرعی تحقیقی اداروں کو فی الفور فعال بنایا جائے ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp