وقت آ گیا ہے پیپلزپارٹی ملک کو دولخت کرنے کا کفارہ ادا کرے، تحریک انصاف

جمعہ 16 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے پیپلزپارٹی 70 کی دہائی میں عوامی مینڈیٹ کی کھلی بے حرمتی کے ذریعے پاکستان کو دولخت کیے جانے کا کفارہ ادا کرے۔

پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے جس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق کور کمیٹی نے کہاکہ عمران خان کو جھوٹے مقدمات میں سزا دینے، بلے کا نشان چھین لینے اور تحریک انصاف کو زبردستی انتخاب سے باہر رکھنے کی شرمناک کوششوں کے بعد الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے نومنتخب اراکینِ پارلیمان کو نہایت مضحکہ خیز تکنیکی بنیادوں پر ڈی سیٹ کرکے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے کی آخری سازش میں مصروف ہے۔

کور کمیٹی نے کہاکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذریعے اپنے مینڈیٹ کی توہین عوام قبول کریں گے نا ہی دستور و جمہوریت کی قبریں کھودنے والوں کو کبھی معاف کریں گے۔

پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کردیا

کور کمیٹی کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے مجرمانہ کردار پر تحریک انصاف کی نہیں، صفِ اول کی سیاسی جماعتیں آوازیں اٹھا رہی ہیں، ان کا کمیشن میں بیٹھنے کا مزید کوئی جواز نہیں، فی الفور مستعفی ہوں۔

کور کمیٹی نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی سرپرستی میں عوام کے مینڈیٹ، دستور اور جمہوریت کی کھلی توہین کی راہ روکنا ملک و قوم کے مفاد کے لیے ناگزیر ہے۔

کور کمیٹی کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین عمران خان نے عوامی مینڈیٹ کی کھلی توہین پر پوری قوم کو کل پرامن احتجاج کی کال دی ہے۔ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کل گھروں سے نکلیں اور دستور، جمہوریت اور عوام کے ووٹ کے حق کی کھلی بے حرمتی کے خلاف نہایت پرامن مگر موثر انداز میں صدائے احتجاج بلند کریں۔

کور کمیٹی نے کہاکہ اپنے ووٹ کی حرمت کے تحفظ کے لیے عوام سے اپیل ہے کہ وہ کل بروز ہفتہ معمولات زندگی خصوصاً کاروباری سرگرمیوں کو معطّل رکھیں اور اپنے مسترد شدہ سیاسی عناصر کے مابین اقتدار کی بندر بانٹ کا مکروہ منصوبہ ناکام بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp