مسلم لیگ ن نے کمشنر راولپنڈی کے بیان کو ملک کے خلاف عالمی سازش قرار دیدیا

ہفتہ 17 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی ایک اور سازش کی گئی اور کمشنر راولپنڈی اس کا حصہ بنے ہیں۔

کمنشر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے اور ان پر دباؤ ڈالا گیا کہ ہارنے والے امیدواروں کو جتوایا جائے۔

حنیف عباسی نے چوہدری تنویر اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات پر الیکشن ٹریبونلز میں سماعت ہوگی، مگر ضروری ہے کہ کمشنر راولپنڈی کے بیان کی تحقیقات کی جائیں کہ انہوں نے ایسا بیان کس کے کہنے پر دیا۔

انہوں نے کہاکہ ہم کسی بھی صورت ن لیگ کا مینڈیٹ چھیننے نہیں دیں گے، 2013 اور 2018 میں بھی راولپنڈی سے مسلم لیگ ن کا مینڈیٹ چھینا گیا۔

حنیف عباسی نے کہاکہ الیکشن ٹریبونلز میں نتائج سے متعلق دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ کمشنر راولپنڈی نے ریٹائرمنٹ سے قبل ہیرو بننے کی کوشش ہے، لگتا ہے اس وقت ان کا ذہنی معائنہ ہو رہا ہوگا۔

حنیف عباسی نے کہاکہ انتخابات میں تو کمشنر راولپنڈی کا کوئی کردار نہیں تھا، ان کے پاس الیکشن کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری بھی نہیں تھی پھر کیسے ان پر کسی نے دباؤ ڈالا۔

انہوں نے کہاکہ لیاقت علی چٹھہ کی فیملی کے لوگ اوورسیز میں رہتے ہیں۔ ان کا بیان بالکل بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔ اور یہ عالمی سازش کا حصہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp