الزامات تو کوئی کچھ بھی لگا سکتا ہے، چیف جسٹس کا کمشنر راولپنڈی کے بیان پر ردعمل

ہفتہ 17 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے انتخابات میں دھاندلی سے متعلق بیان پر کہا ہے کہ الزامات تو کوئی کچھ بھی لگا سکتا ہے۔

کمنشر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے اور ان پر دباؤ ڈالا گیا کہ ہارنے والے امیدواروں کو جتوایا جائے۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ الزامات لگانا حق ہے لیکن اس کے ساتھ ثبوت بھی پیش کرنا ہوتا ہے۔ نہ کوئی ثبوت ہے نہ صداقت، ایسے تو کل کو چوری کا بھی الزام لگا دیں۔

انہوں نے کہاکہ ‏الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، پٹیشنز آتی رہتی ہیں اور ہم ان پرفیصلے بھی کرتے ہیں۔ الیکشن سے میرا کوئی تعلق نہیں، بے بنیاد الزامات لگا کر اداروں کو تباہ نہ کریں۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ اگر آپ پاکستان کے دشمن ہیں تو اداروں کو تباہ کریں۔

واضح رہے کہ 8 فروری کو ملک میں ہونے والے عام انتخابات کو پاکستان تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے دھاندلی زدہ قرار دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کا الزام ہے کہ ان کی جماعت قومی اسمبلی کی 180 سے زیادہ نشستیں جیتی ہوئی تھی مگر الیکشن کمیشن نے دھاندلی سے ان کو ہرایا۔

پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے گزشتہ روز انٹرنیشنل میڈیا کو اس حوالے سے بریفنگ بھی دی ہے کہ فارم 45 کے مطابق وہ کن کن حلقوں سے جیتے ہوئے تھے اور کیسے نتائج کو تبدیل کیا گیا۔

مسلم لیگ ن نے کمشنر کے بیان کو عالمی سازش کا حصہ قرار دےدیا

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن نے کمشنر راولپنڈی کے بیان کو عالمی سازش کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو مزید عدم استحکام میں دھکیلنے کی سازش ہورہی ہے۔

مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور راولپنڈی سے الیکشن جیتنے والے حنیف عباسی نے چوہدری تنویر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی صورت اپنا مینڈیٹ نہیں چھیننے دیں گے۔

مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ لیاقت علی چٹھہ میرے پرانے دوست ہیں، ان کے ذہنی صحت کے کچھ مسائل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp