کمشنر راولپنڈی الیکشن کے بعد 8 روز تک کس سے ملتے رہے؟ ن لیگ نے تحقیقات کا مطالبہ کردیا

ہفتہ 17 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن نے نگراں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ سے تحقیقات کی جائیں کہ وہ الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگانے سے قبل 8 روز تک کس سے ملتے رہے۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ عام انتخابات کے 8 روز بعد کمشنر کا ضمیر جاگا ہے تو الیکشن میں دھاندلی کا کوئی ثبوت بھی ہوگا، اس لیے وہ سامنے رکھیں۔

انہوں نے کہاکہ نگراں حکومت کمشنر راولپنڈی کا نام ای سی ایل میں ڈالے۔ تحقیقات کی جائیں کے اس دوران ان کے کس کس سے روابط رہے۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ کمشنر نہ آر او ہوتا ہے اور نہ ہی ڈی آر او ہوتا ہے، اس لیے اس کا الیکشن کے عمل سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، مگر اس کے باوجود اگر لیاقت علی چٹھہ کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو سامنے لائیں۔ کمشنر کے تمام اکاؤنٹس کی بھی چھان بین ہونی چاہیے۔

ترجمان ن لیگ نے کہاکہ کمشنر پر اگر کوئی دباؤ ڈالا گیا تھا تو ان کو الیکشن کمیشن میں جانا چاہیے تھا جہاں 3 روز تک نتائج رکے ہوئے تھے۔

ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ ملک کے ساتھ کیا کرنا ہے، مریم اورنگزیب

انہوں نے کہاکہ ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ ملک کے ساتھ کیا کرنا ہے، اس وقت یہ ہو رہا ہے کہ جو جتنا بڑا جھوٹ بولتا ہے اسے اتنی بڑی شاباش ملتی ہے۔

ترجمان ن لیگ نے کہاکہ کیا آپ اسی گروہ کو لانا چاہتے ہیں جسے 2018 میں آر ٹی ایس بٹھا کر لایا گیا اور پھر ملک میں تباہی آئی۔

انہوں نے کہاکہ جھوٹ کی مشینری آج کل زیادہ بک رہی ہے، ضروری ہے کہ کمشنر راولپنڈی کے معاملے کو ٹیسٹ کیس بنایا جائے۔ اس فتنے کو تبھی کچلنا چاہیے تھا جب ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی پر حملہ کیا گیا تھا۔

یہ وہی فتنہ ہے جس نے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے

انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ یہ وہی فتنہ ہے جس نے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے کہ پاکستان کی مدد نہیں کرنی۔

لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمیں یہ بات کرنی چاہیے کہ ملک کو کیسے بحرانوں سے نکالنا ہے۔ لیکن سب اس کے الٹ ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے اپنے ایک بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ عام انتخابات میں دھاندلی کے لیے دباؤ ڈالا گیا اور راولپنڈی میں ہارے ہوئے امیدواروں کو جتوایا گیا، ان کا کہنا تھا کہ میں نے جو کیا اس کی سزا ملنی چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp