پی ایس ایل 2024 : اسلام آباد یونائیٹڈ نے دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

ہفتہ 17 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان اور آغا سلیمان کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور قلندرز کے 196 رنز کے ہدف میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو  اس کی پہلی وکٹ محض 41 رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب کولن منرو محض 5 رنز پر زمان خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے، اسلام آباد یونائیٹڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ایلیکس ہیلس تھے جنہیں 36 رنز پر سلمان فیاض نے اپنی ہی گیند پر کیچ پکڑ کر آؤٹ کر دیا۔

اس کے بعد کپتان شاداب خان کا ساتھ دینے کے لیے آغا سلمان کریز پر آئے تو دونوں بلے بازوں نے انتہائی جارحانہ کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔

شاداب خان نے 4 چھکوں، 6 چوکوں کی مدد سے 41 گیندوں پر 74 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے، ان کا ساتھ نبھانے والے آغا سلمان نے بھی انتہائی جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 3 چھکوں، 7 چوکوں کی مدد سے 31 گیندوں پر 64 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے زمان خان اور سلمان فیاض نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ہیڈ کوارٹر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل)  کے 9 ویں ایڈیشن کا پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔  لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز کا ہدف دیا ہے۔

لاہور قلندرز کی طرف سے اوپنر بلے باز فخر زمان نے پی ایس ایل ایڈیشن 9 کی پہلی گیند کھیلی جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولر نسیم شاہ نے پہلی گیند پھینکی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے کیا، فخر زمان نے محتاط انداز سے اننگز کا آغاز کیا جب کہ صاحبزادہ فرحان نے جارحانہ انداز اپنایا۔

 

لاہور قلندرز کی پہلی وکٹ 67 کے مجموعی اسکور پر گری جب اوپنر بلے باز فخر زمان 13 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی گیند پر فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، دوسری وکٹ 89 کے مجموعی اسکور پر گری جب جارحانہ انداز سے کھیلنے والے صاحبزادہ فرحان 36 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنانے کے بعد ملز کی گیند پر اعظم خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

لاہور قلندرز کی تیسری وکٹ 162 کےمجموعی اسکور پر گری جب عبداللہ شفیق 28 رنز بنانے کے بعد ٹائمل ملز کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، چوتھی وکٹ 178 کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈیوڈ ویز 14 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر ہیلس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

لاہور قلندرز کی طرف سے دوسرے نمبر پر راسی وین ڈیر ڈوسن نے عمدہ اننگز کھیلی انہوں نے 41 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 71 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے، شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رنز بنائے رن آؤٹ ہو گئے۔

اس طرح لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز کا ہدف دیا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سب عمدہ بولنگ ٹائمل ملز نے کی انہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ نسیم شاہ اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ پلیئنگ الیون میں ایلکس ہیلز، کولن منرو، آغا سلمان، حیدر علی، اعظم خان، شاداب خان (کپتان) ، فہیم اشرف، عماد وسیم، نسیم شاہ، عبید شاہ، تیمل ملز شامل ہیں۔

لاہور قلندرز پلیئنگ الیون میں فخر زمان، عبداللہ شفیق، رسی وین ڈیر ڈوسن، لورکن ٹکر (ڈبلیو)، صاحبزادہ فرحان، ڈیوڈ ویز، جہانداد خان، شاہین آفریدی (کپتان)، زمان خان، حارث رؤف، سلمان فیاض شامل ہیں

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp