خاموش رہنے سے صوبے کا یہ حال ہوگیا، ہم اپنا حق ضرور لیں گے، علی امین گنڈاپور

اتوار 18 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما و نامزد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ میں سیاست سے بالاتر ہوکر صوبے کے حق کی بات کروں گا۔

پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہاکہ صوبے کے حقوق حاصل کرنے کے لیے سب کو میرا ساتھ دینا ہوگا، ہم کسی سے خیرات نہیں مانگتے لیکن حقوق ضرور لیں گے۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ خاموش رہنے کی وجہ سے صوبے کا یہ حال ہوگیا، میں تمام پارٹیوں کو آن بورڈ کروں گا، صرف عوام اور صوبے کی بات کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ بلے کا انتخابی نشان نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے امیدواروں نے آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا تھا، اس لیے اب عدالت میں درخواست دے رہے ہیں کہ ہم اپنی پارٹی میں ہی چلے جائیں، صوبے کی سطح پر ہماری لیگل ٹیم بنی ہوئی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ چاہتے میں میڈیا کے ساتھ ہمارا کوآرڈی نیشن رہے، کیونکہ میڈیا حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پی ایم پورٹل سیل کی طرح صوبائی کمپلینٹ سیل بنا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور کو پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے نامزد کیا ہے، تاہم ابھی تک یہ فیصلہ نہیں ہو سکا کہ پی ٹی آئی کس سیاسی جماعت سے اتحاد کرے گی، کیونکہ پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات کالعدم ہونے کی وجہ سے ان کے امیدوار آزاد حیثیت میں الیکشن جیتے ہوئے ہیں۔

اب مخصوص نشستیں حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آزاد جیتنے والے کسی بھی سیاسی پارٹی میں شمولیت اختیار کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp