بیوروکریسی کو قانون شکنی پر اکسانے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹیں گے، مریم نواز

اتوار 18 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بیوروکریسی کو قانون شکنی پر اکسانے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹیں گے۔

اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے کہاکہ بیوروکریسی کو دھمکیوں کا مطلب ریاستی نظام میں انتشار پیدا کرنا ہے جس کی کھلی چھوٹ تباہی کو دعوت دینا ہے۔

انہوں نے کہاکہ افسران گھبرائیں اور نہ دھمکیوں سے مرعوب ہوں، قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دیں۔

مریم نواز نے کہاکہ افسران کی سلامتی کو خطرے میں ڈالا گیا تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، ہم افسران کی سیکیورٹی یقینی بنائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نامزد کیا ہے۔

آزاد امیدواروں کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے بعد اس وقت مسلم لیگ ن پنجاب اسمبلی میں پہلے نمبر پر ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ جیتنے والے آزاد امیدوار دوسرے نمبر پر ہیں۔

اس وقت حکومت سازی کے لیے جوڑ توڑ جاری ہے، اور پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب وفاق میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان بھی مذاکرات جاری ہیں، پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ ن سے پنجاب میں بھی حصہ مانگ لیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp