سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے پی ٹی آئی کو ساتھ ملا کر قومی حکومت بنانے کی تجویز دےدی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ایسے میں اگر شہباز شریف وزیراعظم بن بھی گئے تو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے الیکشن کے نتائج دیکھ لیے، اگر ایسے میں کوئی بھی حکومت بن جائے تو بڑی اپوزیشن کی صورت میں سسٹم کو چلانا مشکل ہوگا۔
مزید پڑھیں
سابق وزیراعظم نے کہاکہ کمشنر راولپنڈی نے جو سوالات اٹھائے ہیں حکومت بنانے والوں کو ان کے بھی جوابات دینا پڑیں گے، مگر سوال یہ ہے کہ کیا جواب دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت ہمارے ملک کا نوجوان مایوسی کا شکار ہے کہ اس کا ووٹ چوری ہوگیا، سیاسی جماعتوں کو اپنی ضرورت سے ہٹ کر ملک کی ضرورت کا سوچنا ہوگا۔
جیسے انوکھے الیکشن ہوئے ہیں اس کا حل بھی انوکھا ہی ہونا چاہیے
شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ آج اپنی سیاست اور کرسیوں کو ایک طرف رکھنے کی ضرورت ہے، جیسے انوکھے الیکشن ہوئے ہیں اس کا حل بھی انوکھا ہی ہونا چاہیے، اور وہ یہی ہے کہ قومی حکومت بنا لی جائے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اگر قومی حکومت بناکر قومی ایجنڈے کے مطابق آگے نہ چلا گیا تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی، کیونکہ ان کرسیوں میں کچھ بھی نہیں ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی سیاست سندھ اور بلوچستان میں بحال ہے، اور اب اس کے پاس مسلم لیگ ن کو ختم کرنے کا نادر موقع ہے۔