پاکستان سپر لیگ سیزن 9، نئے شامل ہونے والے نوجوان کھلاڑیوں پر ایک نظر

پیر 19 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ ملک کے بہترین نوجوان کھلاڑیوں کو اپی صلاحیتیں دکھانے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے کی بھرپور تاریخ رکھتی ہے، کئی نامور کھلاڑیوں نے پی ایس ایل کے ذریعے قومی اسکواڈ میں اپنی جگہ بنائی ہے، پی ایس ایل 9 میں بھی چند باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع دیا گیا ہے، ان نوجوان کھلاڑیوں میں ماہر تیز گیند باز، ماہر اسپنرز اور ماہر بلے باز شامل ہیں، جو پی ایس ایل جیسے بڑے پلیٹ فارم پر اپنی چھپی صلاحیتیں دکھا کر خود کو ثابت کرنا چاہتے ہیں اور قومی اسکواڈ میں شامل ہونے کے خواہاں ہیں۔

محمد ذیشان – پشاور زلمی

پاکستان کی انڈر 19 ٹیم کے دائیں ہاتھ سے بالنگ کرنے والے تیز رفتار بولر محمد ذیشان پشاور زلمی میں شامل ہوئے ہیں، وہ اپنے لمبے قد( 6 فٹ 8 انچ )کی مدد سے گیند کو اضافی اچھالتے ہیں اور اپنے سامنے بیٹر کو پریشانی میں مبتلا کردیتے ہیں۔

محمد ذیشان نے پشاور زلمی میں شامل ہونے پر کہا ‘پشاور زلمی کے لیے منتخب ہونا میرے لیے ایک بڑا لمحہ ہے کیوں کہ پی ایس ایل دنیا کی بہترین لیگز میں سے ایک ہے۔ میں دنیا کے بہترین بلے باز بابر اعظم کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کروں گا اور ان کے ساتھ کھیلوں گا، جس کے لیے میں بہت پرجوش ہوں۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’ٹی20 کرکٹ میں بلے باز ہمیشہ بولر کو چارج کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ’مجھے لگتا ہے کہ مختلف صورتحال کھیل میں آتی ہے، کامیابی کے لیے آپ کو اپنی سست گیندوں، باؤنسرز اور یارکرز پر مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔‘

سعد بیگ – کراچی کنگز

کراچی میں پیدا اور پرورش پانے والے پاکستان انڈر 19 کے کپتان سعد بیگ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن میں اپنے آبائی شہر کی نمائندگی کررہے ہیں، وکٹ کیپر بلے باز نے پاکستان انڈر 19 کو آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 2024 کے سیمی فائنل میں پہنچایا،پچھلے سال اس نے پاکستان انڈر 19 کو آئی سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل تک پہنچایا تھا۔

سعد بیگ نے کراچی کنگز کی جانب سے منتخب ہونے پر کہا کہ ‘کسی بھی نوجوان کے لیے یہ لیگ کھیلنا ایک خواب پورا ہونے کے برابر ہے، میں کراچی کنگز کی جانب سے منتخب ہونے کو اپنے لیے ایک اعزاز سمجھتا ہوں، یہ میرے لیے بہت بڑا لمحہ ہے۔‘

انہوں نے کہا ’میں ایک بہت ہی تجربہ کار ڈریسنگ روم کا حصہ ہوں گا اور اپنے کھیل کو بہتر بنانے کی کوشش کروں گا جتنا کہ میں کر سکتا ہوں۔ میں شعیب ملک اور کیرون پولارڈ جیسے سینئرز سے سیکھوں گا، ان سینیئرز نے دنیا بھر میں بہت سی T20 کرکٹ کھیلی ہے اس لیے ان سے سیکھنا میرے مستقبل کے لیے بھی اچھا ہوگا۔‘

عبید شاہ – اسلام آباد یونائیٹڈ

دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز عبید شاہ نے اسلام آباد یونائیٹڈ میں اپنے بھائیوں نسیم شاہ، حنین شاہ کو جوائن کیا ہے۔ عبید شاہ پاکستان انڈر19 میں اپنے ڈیبیو کرنے کے ساتھ ہی ایک ناگزیر اثاثہ بن گئے ہیں، انہوں نے ورلڈ انڈر 19 ورلڈ کپ 2024 میں مخالف بلے بازوں کو پریشان کیے رکھا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

اسلام آباد یونائیٹد میں شامل ہونے پر عبیدشاہ کا کہنا ہے کہ مجھے یقین نہیں آرہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مجھے چن لیا ہے، میرے لیے یہ بہت اہم ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مجھ پر بھروسہ کیا، میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔‘
انہوں نے کہا ’یہ بہت دلچسپ ہے کہ میں اپنے دونوں بھائیوں کی طرح ایک ہی ٹیم میں ہوں، شاداب (خان) بھائی کی کپتانی میں کھیلنا اعزاز کی بات ہے، میں شاداب خان سے سیکھنے کے لیے منتظر ہوں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل ایک بڑا ٹورنامنٹ ہے جس میں کچھ بہت تجربہ کار نام ہیں۔‘

شمائل حسین – اسلام آباد یونائیٹڈ

ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 9 میں نئے شامل ہونے والے نوجوان کھلاڑی شمائل حسین نے بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کو جوائن کیا ہے، شمائل حسین ایک ٹاپ آرڈر بلے باز ہیں جو متاثر کن اسٹروک پلے کے لیے مشہور ہیں۔ بائیں ہاتھ کے نوجوان بلے باز برائن لارا کے مداح ہیں، کہتے ہیں کہ انہوں نے اپنی تکنیک اور شاٹس ویسٹ انڈیز کے بیٹنگ لیجنڈ کو دیکھ کر سیکھی ہیں، انہوں نے انڈر 19 ورلڈ کپ 2024 میں بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹد میں شامل ہونے پر شمائل حیسن نے کہا ‘ پی ایس ایل سیزن 9 کی ٹیموں کی ڈرافٹنگ دیکھ رہا تھا، پہلے مجھے منتخب نہیں کیا گیا تو مجھے مایوسی ہوئی، اس لیے میں نے کچھ دیر کے لیے اپنا فون بند کر دیا۔ جب میں نے فون دوبارہ آن کیا تو میں نے دیکھا کہ میرے کوچ کا پیغام مجھے مبارکباد دے رہا ہے۔ مجھے یقین نہیں آیا کہ میں منتخب کرلیا گیا ہوں، مجھے احساس ہوا کہ مجھے اپنی محنت کا بہترین پھل مل گیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میرے کھیلنے کا انداز اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرز کے مطابق ہے، مجھے اٹیکنگ کرکٹ کھیلنا اور بولرز پر دباؤ ڈالنا پسند ہے، میرے اردگرد سینئر کھلاڑی ہوں گے، میرا مقصد پی ایس ایل میچز کے دوران زیادہ سے زیادہ تجربہ حاصل کرنا ہے۔‘

سید فریدون – لاہور قلندرز

پی ایس ایل سیزن 9 میں نئے شامل ہونے والے نوجوان کھلاڑیوں میں بائیں ہاتھ سے اسپن بولنگ کرنے والے نوجوان بالر سید فریدون بھی شامل ہیں جو  لاہور قلندرز کی نمائندگی کررہے ہیں۔ ان کو پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کے حصے کے طور پر لاہور قلندر نے 2021 میں بگ بیش لیگ میں میلبورن سٹارز کی نمائندگی کے لیے بھیجا تھا۔

اگرچہ فریدون 2022 میں  قلندرز اسکواڈ کا حصہ تھے لیکن انہیں کسی کھیل میں شامل نہیں کیا گیا۔ نوجوان اسپنر پی ایس ایل کے رواں سیزن میں اپنا ڈیبیو میچ کھیلنے کی امید کررہے ہیں اور کہتے ہیں کہ ‘ جب بھی مجھے موقع دیا جائے گا میں ٹیم اور انتظامیہ کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، دنیا بھر سے ٹاپ کھلاڑی اس لیگ میں کھیلنے آتے ہیں اور میں ان سے مقابلہ کرنے کی خواہش رکھتا ہوں۔‘

‘انہوں نے کہا ہے کہ ’ٹی 20 کرکٹ میں آپ کا اکانومی ریٹ بہت اہمیت رکھتا ہے، اس لیے میرا مقصد ہمیشہ رنز کے بہاؤ کو محدود کرنا ہے۔ میں نے پچھلے 2 سالوں میں راشد خان کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کیا ہے اس لیے میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔‘

فیصل اکرم – ملتان سلطانز

ایک اور بائیں ہاتھ کے کلائی اسپنر فیصل اکرم پی ایس ایل کے vنویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کررہے ہیں، فیصل کو اس سے قبل 2022 میں کراچی کنگز نے منتخب کیا تھا لیکن وہ کوئی میچ نہ کھیل پائے تھے، اس سال ان کو ملتان سلطانز سے منتخب کیا ہے اور وہ پر امید ہیں کہ انہیں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

فیصل اکرم نے کہا ہے کہ ’ملتان میرا گھر ہے اس لیے بہت اچھا لگتا ہے کہ مجھے شہر کی نمائندگی کے لیے منتخب کیا گیا ہے، اگر مجھے کھیلنے کا موقع ملا تو میں میدان میں 100 فیصد کارکردگی دوں گا، میں سیزن کے بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑی کے طور پر سیزن کا اختتام کرنا چاہتا ہوں۔‘

انہوں نے کہا ’ملتان سلطانز کے پاس اس سال ایک بہترین ٹیم ہے، میں خاص طور پر اپنے کپتان محمد رضوان، ریزا ہینڈرکس اور ڈیوڈ ملان جیسے غیر ملکی کھلاڑیوں سے سیکھنے کی کوشش کروں گا۔‘

خواجہ محمد نافع – کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

خواجہ محمد نافع  دائیں ہاتھ کے بلے باز ہیں جنہیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 9کے لیے منتخب کیا گیا ہے، ان کے پاس پہلے ہی فرنچائز پر مبنی لیگز میں شرکت کا تجربہ ہے، اب ان کو کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے منتخب کیا ہے۔

خواجہ محمد نافع کا کہنا ہے کہ ’جب مجھے یہ خبر ملی کہ مجھے کوئٹہ نے چن لیا ہے تو میرا کوچ میرے ساتھ تھا، اس نے اس لمحے کو واقعی خاص بنا دیا کیونکہ اس نے میرے ساتھ سخت محنت کی ہے، یہ میرے لیے بہت بڑی بات ہے، کیونکہ اس لیگ میں پرفارم کرنا قومی ٹیم میں آپ کے انتخاب کی راہ ہموار کرنا ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’میں جیسن رائے، محمد عامر اور سرفراز احمد کے ساتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹر میں شامل ہونے پر بہت پرجوش ہوں، مجھے ان تجربہ کار مہم جوؤں سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp