معروف بھارتی اداکار نصیرالدین شاہ کو ہندی سینیما اور فلموں نے اس قدر مایوس کر دیا ہے کہ اب انہوں نے ہندی فلمیں دیکھنا ہی چھوڑ دی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، سینئر اداکار نصیرالدین شاہ نے حال ہی میں ایک تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندی سینیما صرف ایک صورت میں اپنی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کر سکتا ہے کہ اگر فلم میکرز پیسہ کمانے کی نیت سے فلمیں نہ بنائیں۔
مزید پڑھیں
نصیرالدین شاہ کا کہنا تھا کہ بھارتی فلم میکرز گزشتہ صدی سے ایک جیسی فلمیں بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کل جس طرح کی ہندی فلمیں بنائی جا رہی ہیں، انہوں نے وہ دیکھنا ہی چھوڑ دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندی فلموں میں موضوعات اور کہانی کی کمی ہوتی ہے، بہت جلد لوگ ایک جیسی فلمیں دیکھ دیکھ کر اکتا جائیں گے۔ انہوں نے کہا، ’مجھے مایوسی ہوتی ہے جب ہم نہایت فخر سے بتاتے ہیں کہ ہندی سینیما کو 100 برس مکمل ہوچکے ہیں۔‘
نصیرالدین شاہ نے سنجیدہ فلم میکرز کو مشورہ دیا کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آج کے دور کے حقائق کو ایسے تخلیقی انداز سے پیش کریں کہ انہیں کسی تنقید یا مسئلے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس نصیرالدین شاہ نے 3 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جن میں ’کتے‘، ’تاج محل: ڈیوائیڈڈ بائے بلڈ‘ اور ’ساس، بہو اور فلیمینگو‘ شامل ہیں۔ رواں برس وہ ویب شو ’شو ٹائم‘ میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔