نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے سوشل میڈیا پر سرکاری ملازمین کو نشانہ بنانے اور ان کی ٹرولنگ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست عوام کی خدمت کرنے والے سرکاری ملازمین کا ہر ممکن دفاع کرے گی اور منفی عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹے گی۔
مزید پڑھیں
پیر کو وزیر اعظم سیکریٹریٹ سے جاری ایک بیان میں نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے 8 فروری کو واضح طور پر اپنی آواز بلند کی ہے اور منقسم مینڈیٹ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پرتشدد طرزعمل کا ثابت شدہ ٹریک ریکارڈ رکھنے والے کچھ عناصر اب مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں جن میں بلیک میلنگ، سوشل میڈیا کو ہتھیار بنانا اور سرکاری ملازمین پر دباؤ ڈالنا شامل ہے کہ وہ اپنی وفاداریاں ریاست پاکستان سے پرتشدد گینگ میں تبدیل کریں۔ یہ اقدام آئین کے آرٹیکل 5 اور دیگر آرٹیکلز اور ملکی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔
نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ ریاست پاکستان اپنے آئینی فرائض کی انجام دہی میں سرکاری ملازمین کا بھرپور دفاع کرے گی، ان متشدد ٹرولز کے خلاف کارروائی کرے گی اور انہیں مثالی سزا دینے کو یقینی بنائے گی۔ ریاست اور پاکستان کے عوام کی خدمت کرنے والے ان عظیم سرکاری ملازمین کے ساتھ ہماری وابستگی کے بارے میں کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔