نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 9 واں اجلاس لاہور میں ہوا۔ صوبہ پنجاب میں نئے اورجاری منصوبوں کی منظوری سمیت کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
کابینہ نے سابق دور میں خلاف ضابطہ 56 کمپنیوں کو نمک کی کان کنی کے لیے جاری لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کابینہ نے لائسنس منسوخ کرنے کے لیے قواعد وضوابط کے مطابق کارروائی شروع کرنے کی منظوری بھی دی۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ خلاف ضابطہ لائسنس جاری کرکے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ بغیر بڈنگ اور اوپن آکشن کے ذریعے من پسند کمپنیوں کو لائسنس جاری کئے گئے۔ 32 کمپنیوں کو لائسنس جاری کیا جا چکا جبکہ 24 کمپنیوں کو لائسنس کا اجراء آفر سٹیج پر ہے۔ کابینہ نے کان کنی کے لیے لائسنس جاری کرنے کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے اوپن آکشن کی منظوری دی۔
پنجاب کابینہ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین اور میٹرو بس سروس پر سفر کرنے والے طلبا و طالبات کے لیے بڑے ریلیف کا فیصلہ بھی کیا۔ یونیفارم پہنے طلبا وطالبات کو اورنج لائن میٹرو ٹرین اور میٹرو بس پر مفت سفر کی سہولت ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے وزیراعظم شہبازشریف کی انرجی کنزرویشن پالیسی کے تحت انرجی ڈیپارٹمنٹ کو انرجی سیونگ کے لیے اقدامات کرنے اور سرکاری دفاتر میں بجلی کے استعمال شدہ یونٹس میں کمی لانے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہر محکمے کو توانائی بچت پالیسی پر عمل درآمد کے لیے ہدایات جاری کیں اور سیکرٹریز سے بجلی کے استعمال کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ نے سول سیکرٹریٹ اور دیگر محکموں کو پیپرلیس کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا محکموں کو پیپرلیس کرنے کے لیے جامع پلان مرتب کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا سمریوں کو کم سے کم وقت میں نمٹایا جائے۔
کابینہ نے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کے تحت انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سیل کے کنٹریکٹ ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری بھی دی۔
پنجاب کی سرکاری یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز، پرو وائس چانسلرز، کنٹرولرز اور رجسٹرارز کے خالی عہدوں پر الیکشن کمیشن کی اجازت سے تقرریاں کرنے کی مشروط منظوری بھی دی۔
پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے پالیسی اینڈ سٹریٹجک پلاننگ یونٹ کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع، چیف ایگزیکٹو آفیسر آب پاک اتھارٹی سید زاہد عزیز کے استعفے اور پنجاب کی نئی ترمیم شدہ راک سالٹ پالیسی کی منظوری بھی دی گئی۔
رواں مالی سال کے دوران سیلاب سے دریاؤں اور نالوں کو پہنچنے والے نقصانات کی تعمیر و مرمت و بحالی کے لیے ضمنی گرانٹ اور صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ اور ضلعی کوالٹی کنٹرول بورڈز میں پرائیویٹ ممبران کی تقرریوں کی منظوری بھی دی۔
پنجاب پروٹیکٹڈ ایریاز ایکٹ 2020 کے تحت 7 نیشنل پارکس کی توثیق کے ساتھ ساتھ بصیرہ ٹاؤن مظفرگڑھ میں امینے اردوان دانش کیئر گرلز سکول کے لیے مالی سال 2021-22 کے دوران استعمال نہ کئے جانے والے فنڈز کے دوبارہ اجراء کی منظوری بھی دی۔
کابینہ نے پنجاب حکومت کے مالی سال 2018-19، 2019-20، 2020-21 اور 2021-22 کے اکاؤنٹس کے بارے میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹس کی منظوری بھی دی۔