پاکستان سپر لیگ کے 9ویں ایڈیشن کے 5ویں میچ میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹد آج ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گے۔
دونوں ٹیموں کی کارکردگی کی بات کی جائے تو دونوں ہی ٹیمیں اپنا اپنا پہلا میچ جیت چکی ہیں،اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کے خلاف 196 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔
دوسری طرف ملتان سلطانز نے بھی اپنے پہلے میچ میں کامیابی سمیٹی ہے، ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 20 اوورز میں جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف دیا، جواب میں کراچی کنگز 130 رنز تک محدود رہی جبکہ کہ اس کی 8 وکٹیں گری۔
دونوں ٹیموں کی اس سیزن میں کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے بات کی جائے تو آج بھی دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پچ کی کنڈیشن کیسی ہوگی؟
پی ایس ایل 2024 میں اب تک صرف ایک میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا ہے،یہ میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا گیا ہے۔
پہلی اننگز میں 54 گیندوں پر 79 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہنے والے اور پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے ریزا ہینڈرکس نے میچ کے بعد کی پریزنٹیشن تقریب میں کہا کہ پچ اسپنرز کے لیے کافی مددگار رہی ہے۔‘
’پاور پلے بہت اہم ہونے جا رہا ہے کیونکہ ٹیمیں فیلڈ کی پابندیوں کا فائدہ اٹھانا چاہیں گی اور پرانی گیند کے ساتھ اسکور کرنے سے پہلے زیادہ سے زیادہ رنز حاصل کرنا چاہیں گی۔ بارش کا کوئی حقیقی امکان نہیں ہے اور شائقین سے ایک بلاتعطل مقابلہ دیکھنے کی توقع ہے۔‘
ممکنہ پلیئنگ 11 میں کون سے کھلاڑی شامل ہوں گے؟
دونوں ٹیموں کے پلیئنگ 11 کی بات کی جائے تو ممکنہ طور پر آج کے میچ میں ملتان سلطانز میں محمد رضوان (کپتان اور وکٹ کیپر)، ڈیوڈ مالان، رضا ہینڈرکس، خوشدل شاہ، افتخار احمد، یاسر خان، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد علی اور شاہنواز دہانی شامل ہوسکتے ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ میں ایلکس ہیلز، کولن منرو، شاداب خان (کپتان)، سلمان علی آغا، اعظم خان (وکٹ)، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، نسیم شاہ، تیمل ملز، اور عبید شاہ شامل ہوں گے۔
میچ کا ممکنہ بہترین بلے باز کون ہوسکتا ہے؟
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کی بات کی جائے تو وہ کراچی کنگز کے خلاف میچ میں خاطر خواہ کارکرگی دکھانے میں ناکام نظر آئے ہیں، وہ کراچی کنگز کے خلاف میچ میں 12 گیندوں پر 11 رنز بنا پائے تھے اور پویلین کی راہ لی تھی۔ تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز گزشتہ سیزن کے پی ایس ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ان کی مستقل مزاجی مثالی تھی۔
پہلے میچ میں خراب کارکرگی کے باوجود شائقین اسلام آباد کے خلاف میچ میں محمد رضوان سے اچھے کی توقع کر سکتے ہیں کیون کہ گزشتہ سال انہوں نے اسلام آباد کے خلاف دو میچوں میں 50 (38) اور 33 (18) رنز بنائے تھے۔
میچ کا ممکنہ بہترین بالر کون ہوگا؟
آج کے میچ میں بہترین بالر کی بات کی جائے تو شائقین کو ملتان سلطانز کے عباس آفریدی سے اچھے کی امید ہے، پی ایس ایل 2023 میں عباس آفریدی ٹورنامنٹ میں 16.17 کی اوسط اور 10.26 کے اسٹرائیک ریٹ سے 11 میچوں میں 23 وکٹیں لے کر سر فہرست بولر رہے تھے، رواں
سیزن میں بھی کراچی کنگز کے خلاف میچ میں عباس آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور 2 اوورز میں صرف 16 رنز دیے۔
منظر نامہ، فاتح کون ہوسکتا ہے؟
ملتان سلطانز نے جب ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پاور پلے میں 10 رنز کی اوسط سے 50 سے 60 رنز بنائے اور مجموعی رنز 200 سے 210 رنز بنائے تو وہ فاتح رہی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی بات کی جائے تو اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی جب پاور پلے میں 50 سے 60 رنز بنائے اور مجموعی رنز 190 سے 200 بنائے تو وہ فاتح رہی۔
تو دونوں ٹیموں کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے شائقین تجزیہ کر کے فیصلہ کرسکتے ہیں کہ دونوں ٹیموں میں سے آج کے میچ کی فاتح ٹیم کونسی ہوگی۔