سندھ سیف سٹی پروجیکٹ کی لاگت میں کمی، جلد عملدرآمد کا امکان

منگل 20 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ سیف سٹیز پروجیکٹ کی لاگت کم ہوکر6.62 ارب روپے ہوگئی ہے، محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے اعتراض پر نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آرٹی سی) نے منصوبے کے لیے تیارکردہ نیا پلاننگ کمیشن پروفورما ون محکمہ خزانہ کو ارسال کردیا ہے۔

سندھ سیف سٹیز پروجیکٹ ابتدا میں 5 ارب روپے مالیت کا ڈیزائن کیا گیا تھا تاہم 3 برسوں میں اس منصوبہ کی لاگت 5 ارب روپے سے بڑھا کر 10 ارب روپے کردی گئی تھی، گزشتہ برس 12 دسمبر کو محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کے اجلاس میں منصوبے پر لاگت کی رقم دوگنا کرنے پر اعتراض اٹھایا گیاتھا۔

اس پس منطر میں این آرٹی سی نے اب منصوبہ کی لاگت 10 ارب روپے سے کم کرکے 6 ارب 62 کروڑ 10 لاکھ روپے کردی ہے، جس کا پی سی ون محکمہ خزانہ سندھ کوارسال کردی گیا ہے، نئی لاگت کی رقم منظوری کے بعد منصوبے پرکام شروع ہوگا، ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ کی جانب سے اس منصوبہ پر رواں ہفتے منظوری متوقع ہے۔

سندھ سیف سٹیز پروجیکٹ کے تحت کراچی ایئرپورٹ اور ریڈ زون میں خفیہ کیمرے لگائے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فوری طور پر امن وامان ہاتھ میں لینے والے عناصر کی نشاندہی کی جاسکےگی۔

واضح رہے کہ نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے گزشتہ برس دسمبر میں کراچی سیف سٹی پروجیکٹ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اصولی طور پر مختلف آلات اور سافٹ ویئر کے نرخوں کو معقول بنانے اور ٹیکسوں کی ادائیگی سے مشروط اس منصوبے کی منظوری دی تھی۔

نگراں وزیراعلیٰ نے منصوبے کے لیے درکار آلات کی قیمتوں کا جائزہ لینے اور ان کا بازار کی قیمت سے موازنہ کرنے کے لیے سیکریٹری داخلہ اقبال میمن کی سربراہی میں ایک تکنیکی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وپ بہت تاخیر اور ضرورت کے منصوبے پر کام کے آغاز کے خواہاں ہیں لیکن عوامی فنڈز کے محافظ کے طور پر شفاف استعمال کو یقینی بنانا ان کی ذمہ داری ہے۔

’۔۔۔اس لیے این آر ٹی سی کو تخمینوں کے حوالے سے مجھے اور میری ٹیم کو مطمئن کرنا چاہیے، تکنیکی کمیٹی یونیورسٹیوں سے اپنے تکنیکی اراکین کا انتخاب کرے گی، اور انہیں نقل کو حذف کرنے اور گمشدہ اشیاء کو شمار کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp