کراچی میں کچے کے علاقے کے ڈاکوؤں نے نیشنل ہائی وے پر ایک باربردار ٹرک ڈرائیور کو اغوا کرلیا جبکہ فائرنگ کرکے دوسرے کو زخمی کردیا جو بعد میں چل بسا۔
کراچی گڈز کیریئرز ایسو سی ایشن کے جوائنٹ سیکریٹری رانا طارق شعیب کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے ٹرکس پر فائرنگ کی جس سے ایک ڈرائیور شدید زخمی ہوا جو دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ وہ ایک اور ڈرائیور کو اغوا کرکے لے گئے۔
مزید پڑھیں
رانا طارق کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ٹرکس اور سامان کو شدید نقصان پہنچا۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ ایسے حالات میں باربردار گاڑیاں چلانا ممکن نہیں رہا اور کہ ڈرائیور بھی گھبرا رہے ہیں۔
ایسوسی ایشن کے عہدیدار نے کہا کہ ڈاکو وارداتیں کرنے سے بعض نہیں آرہے ہیں اور ایسے واقعات میں بااثر شخصیات کا ہاتھ لگتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعات کی روک تھام حکومت کا کام ہے اور اگر ایسے واقعات جاری رہے تو کراچی پورٹ پر ویرانی چھا جائے گی۔
رانا طارق نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز سندھ میں گاڑیاں چلانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں لہٰذا حکومت ڈرائیور حضرات پر ترس کھائے اور ٹرانسپورٹرز کو ڈاکو مافیا سے بچائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اغوا ہونے والے ڈرائیور کو بازیاب کروایا جائے اور ڈاکوؤں کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔