ہمالیائی گلابی نمک کی برآمدات میں اضافے کے لیے امریکی فرم سے معاہدہ طے پاگیا

منگل 20 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر اسد احمد نے کہا ہے کہ پی ایم ڈی سی اورامریکی فرم میرکل سالٹ ورکس کلیکٹو انکارپوریشن (ایم ایس سی آئی) نے ہمالیائی گلابی نمک کی برآمدات میں اضافے کے لیے ویلیو ایڈیشن کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

امریکی فرم میرکل سالٹ ورکس کلیکٹو انکارپوریشن کے نمائندے کے ہمراہ منگل کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد احمد نے کہا کہ حکومت معدنی شعبے کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ مقامی افراد کے طرز زندگی میں تبدیلی لائی جا سکے۔

ایم ایس سی آئی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور صدر احمد ندیم خان نے معاہدے پر دستخط کیے اور کہا کہ یہ معاہدہ شراکت داروں کے درمیان حد سے زیادہ تعاون کی عکاسی کرتا ہے اور انہوں نے مؤثر رابطہ کاری اور تعاون پر وزارت پئٹرولیم اورخصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) کا شکریہ ادا کیا۔معاہدے پر دستخط کو ایک بڑا سنگ میل قرار دیتے ہوئے

انہوں نے کہا کہ 7 بورڈ آف ڈائریکٹرز پر مشتمل جوائنٹ وینچر کمپنی تشکیل دی جائے گی جس میں 4 منرل سالٹس اور 3 پی ایم ڈی سی کے ڈائریکٹرز شامل ہوں گے جو 9 ماہ میں فلیکسیبلٹی رپورٹ مکمل کریں گے۔

پاکستان کے گلابی نمک کی مارکیٹ تقریباً 10 ارب ڈالر

احمد ندیم خان نے کہا کہ پاکستان کا را مٹیریل 45 ممالک کو جاتا ہے اور پاکستان کے گلابی نمک کی 9 سے 10 ارب ڈالر کی مارکیٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی سی اور ایم ایس سی آئی حکام نے بین الاقوامی منڈیوں میں نمک پر مبنی مصنوعات برآمد کرنے کے لیے وقف ایک جدید پنک راک سالٹ کرشنگ اور پیکیجنگ سہولت قائم کرنے کے لیے اپنی شراکت داری کو باضابطہ شکل دے دی ہے۔

اسد احمد نے بتایا کہ یہ منصوبہ 200 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے تیار ہے جو اس اہم منصوبے میں بین الاقوامی برادری کے اعتماد اور جوش و خروش کو ظاہر کرتا ہے۔
جون 2026 سے سالانہ ڈیڑھ لاکھ ٹن کی کمرشل پیداوار کی توقع

انہوں نے مزید کہا کہ جون 2026 سے سالانہ ڈیڑھ لاکھ ٹن کی کمرشل پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعاون کے معاشی اثرات کے علاوہ اس اقدام سے ملک کی غیر ملکی آمدنی میں خاطر خواہ حصہ ڈالنے کی توقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم ایس سی آئی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) کے اپنے عزم کے مطابق ، آپریشنل شعبے میں کمیونٹی کی ترقی ، صحت کی سہولیات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات میں فعال طور پر شامل ہوگا۔

منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ یہ تقریب اقتصادی ترقی اور پاکستان کی پنک راک سالٹ انڈسٹری کو عالمی سطح پر تسلیم کرنے کے سلسلے میں ایک تاریخی لمحہ ہے جو خوشحالی اور تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔

گلابی نمک لاکھوں گھروں میں سفیر کی مانند ہوگا، امریکی فرم

ایم ایس سی آئی کے چیف کمیونیکیشن آفیسر مبارک خان نے اس معاہدے کو ایک نئے سفر کا آغاز اور پاکستان کے لیے ایک بہترین موقع قرار دیا کیونکہ گلابی نمک بین الاقوامی سطح پر لاکھوں گھروں میں سفیر کا کردار ادا کرے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp