حکومت سازی: ن لیگ، پیپلز پارٹی میں معاملات طے، زرداری صدر اور شہباز شریف وزیراعظم کے مشترکہ امیدوار ہوں گے

منگل 20 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاق میں حکومت سازی کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے وزیراعظم کے امیدوار شہباز شریف، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو اور دیگر رہنماؤں کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں حکومت سازی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اور اس دوران اقتدار کا فارمولا طے کر لیاگیا، جس کے مطابق شہباز شریف وزیراعظم جبکہ آصف زرداری صدر مملکت کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔

دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقات میں شہباز شریف، بلاول بھٹو، اسحاق ڈار، مراد علی شاہ، قمر زمان کائرہ اور احسن اقبال شامل تھے۔

بعد ازاں نامزد وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو اور آصف زرداری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ہے۔

آزاد ارکان کو کہا تھا کہ اگر نمبر پورے ہیں تو حکومت بنالیں، شہباز شریف

اس موقع پر شہباز شریف نے کہاکہ ہم نے آزاد جیتنے والے ارکان کو پیغام بجھوایا تھا کہ اگر آپ کے پاس نمبر پورے ہوں تو حکومت بنا لیں مگر ان کے پاس مطلوبہ تعداد نہیں۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے پاس نمبر پورے ہیں، اس لیے ہم مل کر حکومت بنانے جا رہے ہیں، ہمارے صدر مملکت کے امیدوار آصف زرداری ہوں گے، ہم سب انہیں سپورٹ کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اس وقت بے پناہ چیلنجز کا سامنا ہے، اس اتحاد نے معیشت کو پاؤں پر کھڑا کرنے سمیت نوجوانوں کی درست سمت میں تربیت کرنی ہے۔

شہباز شریف وزیراعظم اور آصف زرداری صدر ہوں گے، بلاول بھٹو

اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ مل کر حکومت بنانے جا رہی ہیں، ہمارے وزیراعظم کے امیدوار شہباز شریف جبکہ صدر مملکت کے امیدوار آصف زرداری ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم سب کی دعا یہ ہے کہ یہ حکومت کامیاب ہو اور ہمارے مسائل حل ہوں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی کوآرڈی نیشن کمیٹیوں نے بڑی محنت سے کام کیا اور ایک نتیجے پر پہنچیں۔

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ دیگر عہدوں کے لیے بھی فیصلے کر لیے ہیں جس کا اعلان جلد کر دیں گے۔

یقین دلاتے ہیں کہ آنے والی نسلوں کے لیے مل کر کام کریں گے، آصف زرداری

سابق صدر مملکت آصف زرداری نے کہاکہ سب مل کر دعا کریں کہ حکومت کامیاب ہو اور عوام کے مسائل حل ہوں۔ یقین دلاتے ہیں کہ آنے والی نسلوں کے لیے مل کر کام کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp