پی ایس ایل سیزن9: کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

بدھ 21 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن9 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کے 155 رنز کا ہدف 16.5 اووز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے پشاور زلمی کے 155 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کپتان شان مسعود اور محمد اخلاق نے اننگز کا آغاز کیا تو 20 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود 2 چوکوں کی مدد سے 12 رنز اسکور کرنے کے بعد لیوک ووڈ کی گیند پر رومن پاول کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

کراچی کنگز کی دوسری وکٹ 40 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد اخلاق 2 چھکوں 3 چوکوں کی مدد سے 13 گیندوں پر 24 رنز بنانے کے بعد لیکوک ووڈ ہی کی گیند پر محمد حارث کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

تیسری وکٹ 91 کے مجموعی اسکور پر گری جب شعیب ملک 29 گیندوں پر 29 رنز بنا کر وقار سلام خیل کی گیند پر محمد حارث کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اس کے کیرون پولارڈ کریز پر آئے تو انہوں نے انتہائی جارحانہ کھیلتے ہوئے کراچی کنگز کو جیت سے ہمکنار کر دیا، کیرون پولارڈ نے 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 21 گیندوں پر 49 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے، جیمز ونس نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 30 گیندوں پر 38 رنز اسکور کیے اور وہ بھی آؤٹ نہیں ہوئے۔

پشاور زلمی کی جانب سے سب سے عمدہ بولنگ لیکوک ووڈ نے کی، انہوں نے 20 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، وقار سلام خیل بھی ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، یہ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا تھا۔ کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود جبکہ پشاور زلمی  کے کپتان بابر اعظم نے ٹیم کو لیڈ کیا۔

پشاور زلمی کی طرف سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور بابر اعظم نے کیا لیکن یہ آغاز کچھ اچھا نہ ہو سکا کیوں کہ صائم ایوب شعیب ملک کے ہاتھوں اوورز کی پہلی ہی گیند پر صفر پر کلین بولڈ ہو گئے ۔ پشاور زلمی کی دوسری وکٹ 26 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد حارث محض 7 رنزبنا کرمیر حمزہ کی گیند پر پولارڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

تیسری وکٹ 40 کے مجموعی اسکور پر گری جب ٹام کوہلرکیڈمورکو کلین بولڈ کر دیا انہوں نے صرف 2 رنز بنا رکھے تھے، پشاور زلمی کی چوتھی وکٹ 108 کے مجموعی اسکور پر گری جب رومن پاول 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنانے کے بعد محمد نواز کی گیند پر میر حمزہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پشاور زلمی کی پانچویں وکٹ 136 کے مجموعی اسکور پر گری جب آصف علی ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 23 رنز بنانے کے بعد ڈینیئل سمس کی گیند پر شان مسعود کے ہاتھوں صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ چھٹی وکٹ 140 کے مجموعی اسکور پر گری جب عامر جمال ایک رنز بنانے کے بعد میر حمزہ کی گیند پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پشاور زلمی کی ساتویں وکٹ 147 کے مجموعی اسکور پر گری جب بابراعظم انہتائی سنبھل کر کھیلتے ہوئے میر حمزہ کی گیند پر کاٹ اینڈ بولڈ ہو گئے۔ بابراعظم نے اپنی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 51 گیندوں پر 72 رنز اسکور کیے۔

پشاور زلمی کی آٹھویں وکٹ 148 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد ذیشان صفر پر ڈینیئل سمس کی گیند پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، وقارسلام خیل بھی 154 کے مجموعی اسکورپر صفر پر آؤٹ ہوئے وہ آؤٹ ہونے والے دسویں کھلاڑی تھے۔

پشاور زلمی کے تین کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے جب کہ سلمان ارشاد بھی کوئی رنز نہ بنا سکے تاہم وہ آؤٹ نہیں ہوئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے سب سے عمدہ بولنگ محمد نواز اور حسن علی نے کی، دونوں نے 3 ، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ڈینیئل سمس 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ شعیب ملک اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے اس موقع پر کہا کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر پہلی فتح کے منتظر ہیں، اس میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، سعد بیگ کی جگہ عرفان خان نیاری کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ٹاس کے موقع پر پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ہدف کے قریب تھے لیکن میچ کو جیتنے میں ناکام رہے۔ آج کے میچ میں اچھی کارکردگی سے ٹیم کے لیے کامیابی کی راہ ہموار کریں گے۔

کراچی کنگز کے اسکواڈ میں کپتان شان مسعود، محمد اخلاق، جیمز ونس، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، محمد نواز، عرفان خان نیازی، ڈینیئل سمس، حسن علی، میر حمزہ، تبریز شمسی شامل ہیں۔

پشاور زلمی کے اسکواڈ میں کپتان بابراعظم، صائم ایوب، محمد حارث، ٹام کوہلر کیڈمور، روومین پاول، آصف علی، عامر جمال، لیوک ووڈ، محمد ذیشان، وقار سلام خیل، سلمان ارشاد شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp