کرپشن اور بیڈ گورننس میری ریڈ لائن ہے، نامزد وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنی ترجیحات واضح کردیں

بدھ 21 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن (پی ایم ایل این) کی سینیئر رہنما و نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ 16 ماہ کی اتحادی حکومت کے بعد یہ الیکشن ہمارے لیے بہت چیلنجنگ تھا مگر اس کے باوجود پنجاب کے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا۔

جاتی امرا میں ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے پنجاب میں واضح اکثریت حاصل کی ہے، اب ہم خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔

مریم نواز نے کہاکہ ان دنوں یہ بات پھیلائی جا رہی ہے کہ نواز شریف سیاست سے کنارہ کش ہوگئے ہیں، یہ بالکل غلط ہے، قائد مسلم لیگ ن اگلے 5 سال کے دوران بھرپور سیاست کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب کی ترقی کے لیے ایجنڈا نواز شریف کی سربراہی میں ہی بنایا گیا ہے، جہاں جہاں مسلم لیگ ن کی حکومتیں بن رہی ہیں ان کی سربراہی نواز شریف ہی کریں گے۔

نامزد وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ ہم الیکشن کے بعد سے اپنے آئندہ کے سفر کی تیاری کر رہے ہیں، ماضی میں پنجاب اپنی ترقی کے نام سے جانا جاتا تھا، مگر افسوس کہ آج ہر شعبہ تباہی کا شکار ہے۔

نواز شریف نے 80 کی دہائی میں پنجاب میں تعمیروترقی کی بنیاد رکھی

انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے 80 کی دہائی میں پنجاب میں تعمیروترقی کی بنیاد رکھی اور پھر شہباز شریف اس کو بہترین طریقے سے آگے لے کر چلے، ہم دوبارہ اسی ڈگر پر آئیں گے۔

مریم نواز نے کہاکہ کرپشن اور بیڈ گورننس میری ریڈلائن ہے، اس کے لیے مجھے پارلیمانی پارٹی کا تعاون درکار ہوگا، کابینہ میں ان لوگوں کو شامل کریں گے جو اچھی شہرت کے حامل ہوں۔

مریم نواز نے مستقبل کے ایجنڈے پر بات کرتے ہوئے کہاکہ ہم تعلیمی نظام کی بہتری کے ساتھ ساتھ عوام کو صحت کی بھی بھرپور سہولیات فراہم کریں گے، اس کے علاوہ لا اینڈ آرڈر کی صورت حال بہتر بنائی جائے گی۔

گزشتہ دور میں ہیلتھ کارڈ کو کمائی کا ذریعہ بنایا گیا

انہوں نے کہاکہ گزشتہ دور میں ہیلتھ کارڈ کو کمائی کا ذریعہ بنا دیا گیا تھا، اب ایسا نہیں ہوگا، ہم مستحق مریضوں کو پبلک اور پرائیویٹ اسپتالوں میں صحت کی سہولیات فراہم کریں گے۔

مریم نواز نے کہاکہ ہمارے کے لیے چیلنجز بہت زیادہ ہیں، مگر ان سے نمٹنے کے لیے محنت کرنا پڑے گی۔

انہوں نے پنجاب میں پہلی ایئرایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے ہر شہر میں اعلیٰ معیار کے اسپتال بنائے جائیں گے جہاں پر لوگوں کو بہترین طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو کاروبار کے لیے بلاسود قرضے دیے جائیں گے، اس کے علاوہ خواتین کو آگے آنے کے بھی بھرپور مواقع فراہم کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp