لاہورقلندرز ، ملتان سلطانز کی خبر لینے پہنچےتو خود خبر بن گئے

جمعرات 22 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں کرکٹ کا جنون زوروں پر ہے ، پاکستانی قوم کرکٹ اور کرکٹ سٹارز کی دیوانی ہے ، تمام عمر کے افراد کرکٹ کے بخار میں مبتلا نظر آتے ہیں ۔  جب بات پی ایس ایل کے سنسنی خیز مقابلوں کی ہو تو جنگ کی سی کیفیت برپا ہو جاتی ہے، شائقین کے ساتھ ساتھ کھلاڑی بھی پُر جوش ہوتے ہیں اور میچ سے قبل مختلف دعوے کرتے نظر آتے ہیں ۔
سا ہی ایک دعویٰ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے گزشتہ روز ملتان سلطانز کے ساتھ ان کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے میچ سے قبل کیا۔ لاہور قلندرز نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے پوسٹ کی جس میں لکھا تھا کہ
اگر کھو گیا اک نشیمن تو کیا غم
مقامات آہ فغاں اور بھی ہیں
قلندرز کا قافلہ سلطانوں کی خبر لینے ملتان روانہ

لیکن میچ میں محمد رضوان اور افتخار احمد نے لاہور قلندرز کو دھو ڈالا اور نا قابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلا دی۔ ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کا 167 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کر لی۔

میچ جیتنے کے بعد ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کی ٹوئٹ کے جواب میں لکھا کہ’ جب آپ خبر لینے آئیں اور خود خبر بن جائیں ‘۔

لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے دلچسپ تبصروں پر صارفین نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔ کسی نے کہا کہ لاہور قلندرز جیتے یا ہارے ہمیں ان سے پیار ہے تو کوئی یہ کہتا نظر آیا کہ لاہور قلندرز خود ہی ٹرول ہونے کی کوئی نہ کوئی وجہ ڈھونڈ لیتے ہیں۔

ایک صارف نے ملتان سلطانز کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ اڑتے ہیں، پلٹتے، جھپٹتے ہیں، شاہین بلند فضاؤں میں ان کو ملتان کا سلطان کہتے ہیں۔

عمر فاروق نامی صارف نے لاہور قلندرز سے اظہار محبت کرتے ہوئے لکھا کہ چاہے جیتیں یا ہاریں لیکن لاہور قلندرزہی دل میں رہیں گے۔

حمزہ شاہ لکھتے ہیں کہ لاہور قلندرز اور بھارت کے سابق کرکٹر عرفان پٹھان میں کوئی فرق نہیں ہے، دونوں ہی خود ٹرول ہونے کی وجہ ڈھونڈ لیتے ہیں۔

ایک صارف نے لاہور قلندرز کے میچ جیتنے کے دعوے کے بعد شکست کھا جانے پر لکھا کہ ’پروگرام تو وڑ گیا‘۔

واضح رہے کہ ابھی تک پی ایس ایل کے 7میچز ہو چکے ہیں اور آج کا میچ اسلام آباد یونائٹیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائےگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp