تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن 3 مارچ کو ہونگے، شیڈول جاری

جمعرات 22 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 3 مارچ کو انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا اعلان کر دیا۔ تحریک انصاف کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار 23 اور 24 فروری کو کاغذات نامزدگی جمع کروا سکیں گے۔

پارٹی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی 23 اور 24 فروری کو جمع کرائے جاسکیں گے، انتخابات کے لیے اسکروٹنی 25 فروری کو ہوگی، اور پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات میں کاغذات نامزدگی پر فیصلے 27 فروری تک ہوں گے۔

شیڈول کے مطابق تحریک انصاف انٹراپارٹی انتخابات کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی، اور پولنگ سنٹرل آفس سمیت چاروں صوبائی سیکرٹریٹ میں ہوگی۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے 5 فروری کو انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں انٹرا پارٹی الیکشن مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ انٹرا پارٹی الیکشن مؤخر کرنے کا فیصلہ عام انتخابات میں ورکرز کی مصروفیات کے باعث اور پارٹی رہنماؤں کی تجویز پر کیا گیا ہے۔

بیرسٹر گوہر اور عمر ایوب نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار نہیں کی، پی ٹی آئی

رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان اور وزیر اعظم کے لیے نامزد امیدوار عمر ایوب نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار نہیں کی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان اور گوہر علی خان سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار نہیں کریں گے اور دونوں رہنما آزاد حیثیت سے رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھائیں گے۔

ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر اور عمر ایوب انٹرا پارٹی انتخابات میں چیئرمین اور سیکرٹری جنرل کے لیے پینل کے امیدوار ہوں گے۔ قانونی وجوہات کے باعث دونوں رہنماؤں نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار نہیں کی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کرائے گئے انٹرا پارٹی الیکشن سپریم کورٹ نے غیر قانونی قرار دیتے ہوئے عام انتخابات سے پہلے بلے کا نشان چھین لیا تھا جس پر تحریک انصاف نے عام انتخابات سے 2 روز قبل انٹرا پارٹی انتخابات کروانے کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں الیکشن مؤخر کرتے ہوئے عام انتخابات کے بعد اسے منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp