توشہ خانہ سے کس نے کیا لیا؟ 2002 سے 2023 تک کا ریکارڈ سامنے آگیا

پیر 13 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت  نے  توشہ خانہ سے خریدا گیا پچھلے 21 سال کا ریکارڈ پبلک کر دیا اور 2002ء سے 2023ء تک  کی تفصیلات سرکاری ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی ہیں۔

توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے والوں میں سابق صدور، سابق وزرائے اعظم، وفاقی وزراء اور سرکاری افسران کے نام شامل ہیں۔

صدر مملکت عارف علوی نے کیا کچھ حاصل کیا

صدر عارف علوی کو تقریباً2 کروڑ روپے کی گھڑی ،قرآن پاک اور کلاشنکوف تحفے میں ملی تو انہوں نے قرآن مجید اور کلاشنکوف قانون کے مطابق رقم اداکرکے اپنے پاس رکھ لیے

فائل فوٹو

جبکہ دیگر تحائف توشہ خانہ میں جمع کرادیے۔2018 میں ہی خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کو 8لاکھ روپے مالیت کا ہار اور 51لاکھ روپے مالیت کا بریسلٹ ملاجوتوشہ خانہ میں جمع کرایاگیا۔

TK-Record (1) by Fahim Patel on Scribd

نواز شریف نے توشہ خانہ سے قیمتی گاڑی اور گھڑیاں حاصل کیں ۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف نے مرسڈیز گاڑی جس کی قیمت 42 لاکھ 55 ہزار روپے تھی صرف 6 لاکھ 36 ہزار روپے ادا کر کے حاصل کی۔

نواز شریف نے 43 ہزار روپے کا ایک گلاس سیٹ بھی حاصل کیا جس کی 6 ہزار روپے قیمت ادا کی گئی۔

سابق وزیراعظم نے 11 لاکھ 85 ہزار روپے مالیت کی گھڑی، 25 ہزار روپے مالیت کے کف لنکس اور 15 ہزار روپے مالیت کے 4 کویتی یادگاری سکّے بھی توشہ خانہ سے حاصل کیے ہیں۔

نواز شریف نے توشہ خانہ سے قیمتی گلدان بھی حاصل کیا جس کی رقم ادا نہیں کی گئی۔

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی جانب سے توشہ خانہ سے حاصل کیے گئے تحائف کی تفصیل کی جھلک

آصف زرداری نے توشہ خانہ سے تین قیمتی گاڑیاں حاصل کیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے 5 کروڑ  78 لاکھ  روپے مالیت کی بی ایم ڈبلیو اور 5 کروڑ روپے مالیت کی ٹویوٹا لیکس (کل مالیت 10 کروڑ 78 لاکھ روپے) صرف  ایک  کروڑ 61 لاکھ روپے ادا کر کے حاصل کیں۔

آصف زرداری نے 2 کروڑ 73 لاکھ روپے مالیت کی بی ایم ڈبلیو گاڑی 41 لاکھ روپے میں خریدی اوراس کے علاوہ سابق صدر نے ساڑھے 12 لاکھ روپے مالیت کی گھڑی، 14 ہزار 600 روپے مالیت کا کویتی سکّہ بھی توشہ خانہ سے خریدا۔ انہوں نے ان تینوں اشیاء کے لیے محض  ایک  لاکھ 89 ہزار روپے ادا کیے۔

فائل فوٹو

وزیر اعظم شہباز شریف  نے درجنوں چیزیں مفت میں رکھ لیں

دستاویزات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے 4 لاکھ روپے مالیت کا طلائی گلدان توشہ خانہ سے ایک لاکھ 85 ہزار روپے میں حاصل کیا۔ انہوں نے 2013 میں بطور وزیر اعلیٰ 35 ہزار روپے والا ڈیکوریشن پیس 5 ہزار روپے میں حاصل کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے 10 ہزار روپے مالیت کا طشتری باؤل، 30 ہزار روپے مالیت کا قالین بغیر رقم ادا کئے ہی رکھ لیا۔اس کے علاوہ انہوں نے 26 ہزار روپے مالیت کا عربی کافی دان، 26 ہزار روپے مالیت کا عربی قہوہ دان بھی مفت میں رکھ لیا۔

سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی جانب سے توشہ خانہ سے حاصل کیے گئے تحائف کی تفصیل کی جھلک

شہباز شریف نے 25ہزار روپے مالیت کی صراحی، 17 ہزار روپے مالیت کی وال ہنگنگ اور 50 ہزار روپے مالیت کا خنجر بھی مفت میں توشہ خانہ سے حاصل کیا۔

شہبازشریف نے گھوڑے کا 28ہزار روپے مالیت کا دھاتی مجسمہ، 12 ہزار روپے مالیت کی چاکلیٹ اور شہد، 33 ہزار روپے مالیت کی ازبک مصنوعات کی کتابیں اور 28 ہزار روپے مالیت کی پینٹنگز بھی مفت میں رکھ لیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے توشہ خانہ سے کیا کچھ حاصل کیا

دستاویزات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے توشہ خانہ سے ساڑھے 8 کروڑ روپے کی ڈائمنڈ گولڈ گھڑی، 56 لاکھ 70 ہزار روپے کے کف لنکس، 15 لاکھ روپے کا قلم اور 87 لاکھ 50 ہزار روپے کی انگوٹھی حاصل کی، ان تمام اشیاء کے لیے عمران خان نے مجموعی طور پر 2 کروڑ ایک لاکھ 78 ہزار روپے ادا کیے ۔

بلاول بھٹو زرداری

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 2022 میں ملنے والی 37 لاکھ 50 ہزار کی گھڑی توشہ خانہ میں جمع کروائی جبکہ 2 گھڑیاں، 3 قلم، ایک گلدان،عربی قہوہ دان اور 3کپ توشہ خانہ سے حاصل کیے۔

سابق صدر جنرل ریٹائرڈ مشرف

سابق صدر جنرل ریٹائرڈپرویز مشرف نے سب سے زیادہ قیمتی تحائف 2004 میں لیے جن کی مالیت 65 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ 2005 میں سابق صدر کو ملنے والی گھڑی کی قیمت 5 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔ 2007 میں  سابق صدر کو تقریباً 14 لاکھ روپے کے تحائف ملے۔ ان کی اہلیہ کو 2006 سے 2007 تک ملنے والے تحائف کی قیمت تقریباً 2 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔

سابق وزیر اعظم شوکت عزیز

سب سے زیادہ تحائف توشہ خانہ سے سابق وزیر اعظم شوکت عزیز نے وصول کیے،  2005 میں ساڑھے 8 لاکھ روپے کی گھڑی 3 لاکھ 55 ہزار روپے میں نیلام ہوئی، 2006 میں سابق وزیر اعظم کو کم و بیش 70 لاکھ روپے کے تحائف ملے۔ 2007  میں شوکت عزیز کو ریکارڈ کے مطابق ساڑھے 13 لاکھ روپے کی گھڑی بھی ملی۔

یوسف رضا گیلانی

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے لاکھوں  روپے مالیت کے تحائف اور خانہ کعبہ کے دروازے کا ماڈل ادائیگی کے بعد اپنے پاس رکھے۔

توشہ خانہ سے دیگر افراد نے کیا کچھ حاصل کیا؟

سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے  2015 میں توشہ  خانہ سے پائن ایپل کا ڈبہ مفت حاصل کیا۔

سابق وزیر خزانہ عمر ایوب نے ساڑھے 4 لاکھ روپے مالیت والی گھڑی توشہ خانہ سے حاصل کی۔

فائل فوٹو

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور ان کے بیٹے نے بھی توشہ خانہ سے گھڑیاں حاصل کیں۔ 2018ء میں شاہد خاقان کے بیٹے نادر خاقان نے ایک کروڑ 70 لاکھ مالیت والی گھڑی 33 لاکھ 95 ہزار روپے ادا کر حاصل کی۔

فواد حسن فواد نے بھی 19 لاکھ مالیت والی گھڑی 3 لاکھ 74 ہزار روپے توشہ خانہ میں جمع کروا کر حاصل کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp