پنجاب اسمبلی کے نو منتخب اراکین کی حلف برداری آج، پی ٹی آئی کا احتجاج کا فیصلہ

جمعہ 23 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عام انتخابات کے بعد پنجاب اسمبلی کا پہلا اجلاس آج منعقد کیا جائے گا جس میں نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق، پنجاب اسمبلی کے اسپیکر سبطین خان کے زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے ہوگا اور اسپیکر پنجاب اسمبلی ہی نو منتخب اراکین سے حلف لیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی نے مخصوص نشستیں نہ ملنے پر پنجاب اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں احتجاج کا فیصلہ کیا ہے، جس سے اس اجلاس کے ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، ن لیگ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نامزد امیدوار مریم نواز نے ن لیگ کے نو منتخب ارکان کا اجلاس صبح 9 بجے ہی اسمبلی کی لابی میں بلا لیا ہے۔ پنجاب اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی سید علی حیدر گیلانی پارلیمانی لیڈر مقرر کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔ پنجاب اسمبلی کی 36 نشستوں پر مسلم لیگ ن کی خواتین امیدوار کامیاب ہوئی ہیں، 3 نشستوں پر پیپلز پارٹی، 2 پر مسلم لیگ ق اور ایک نشست پر استحکام پاکستان پارٹی کی امیدوار کامیاب ہوئی ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں خواتین کی 66 اور اقلیتوں کے لیے 8 نشستیں مخصوص ہیں۔ کل 8 اقلیتی نشستوں میں سے 5 اور خواتین کی 66 نشستوں میں سے 42 کا نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp