الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاق، بلوچستان اور سندھ سے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی خواتین کی مخصوص نشستوں پر خواتین کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی سندھ سے خواتین کی مخصوص نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرین کی 10 جبکہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی 4 خواتین منتخب ہوئی ہیں، مخصوص نشستیں 4.36 فارمولے کے تحت دی گئی ہیں۔
مخصوص نشستوں پر سندھ سے ایم این اے منتخب ہونے والی خواتین میں شازیہ جنت مری، نفیسہ شاہ، شگفتہ جمانی، شاھدہ رحمانی، سیدہ شہلا رضا، مہتاب اکبر راشدی، مسرت، مہرین رزاق بھٹو، شازیہ ثوبیہ، ناز بلوچ، آسیہ اسحاق صدیقی، نکہت شکیل خان، سبین غوری اور رعنا انصر شامل ہیں۔
سندھ سے صوبائی اسمبلی کے لیے 27 خواتین مخصوص نشستوں پر منتخب ہو گئی ہیں، جن میں سے 20 کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین جبکہ 7 کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ ہے۔
بلوچستان سے قومی اسمبلی کے لیے 4 خواتین مخصوص نشستوں پر منتخب ہوئی ہیں، نوٹیفیکیشن کے مطابق بلوچستان سے پاکستان مسلم لیگ نواز کی 2 خواتین کرن حیدر اور اختر بی بی مخصوص نشستوں پر ایم این اے منتخب ہوئی ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کی ازبال زہری اور جمیعت علمائے اسلام پاکستان کی عالیہ کامران منتخب ہوئی ہیں۔
بلوچستان کی صوبائی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری
جبکہ بلوچستان صوبائی اسمبلی کے لیے خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے بھی 11 خواتین کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق 4.27 کے فارمولے کے مطابق جمیعت علمائے اسلام پاکستان کو 2 پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کو 3، پاکستان مسلم لیگ نواز کو 3، بلوچستان عوامی پارٹی 1، نیشنل پارٹی 1 اور عوامی نیشنل پارٹی کو بھی 1 نشست دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیپلز پارٹی کی غزالہ گولہ، مینا مجید اور شہناز عمرانی منتخب ہوئی ہیں، ن لیگ کی راحیلہ درانی، ہادیہ نواز، ربابہ بلیدی اور جمعیت علمائے اسلام ف کی شاہدہ رؤف اور صفیہ کو مخصوص نشستیں ملی ہیں۔
بلوچستان عوامی پارٹی کی فرح عظیم شاہ، نیشنل پارٹی کی ام کلثوم اور اے این پی کی سلمہ بی بی کو خواتین کی مخصوص نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔
سندھ اسمبلی، خواتین کی مخصوص نشستوں پر کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری
الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر کامیابی کا نوٹفکیشن جاری کردیا ہے، سندھ اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر پیپلز پارٹی کو خواتین کی مخصوص 20 نشستیں ملی ہیںِ ایم کیو ایم کو 6 جبکہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کو خواتین کی 1 مخصوص نشست ملی ہے۔