سابق وزیراعظم عمران خان کی توشہ خانہ سے حاصل کی گئی گھڑیوں کے بعد توشہ خانہ کا کیس منظر عام پر آیا تھا۔ تاہم کابینہ ڈویژن کی ویب سائٹ پر توشہ خانہ کا 2002 سے 2023 تک کا ریکارڈ منظر عام پر آنے کے بعد معلوم ہوا کہ عمران خان کے علاوہ دیگر وزراء اعظم نے بھی قیمتی گھڑیاں توشہ خانہ سے حاصل کیں۔
سب سے مہنگی گھڑی عمران خان نے لی
سابق وزیراعظم شوکت عزیز نے سب سے زیادہ 34 گھڑیاں توشہ خانہ سے حاصل کیں۔ جب کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے سب سے قیمتی 8 کروڑ 50 لاکھ مالیت کی گھڑی توشہ خانہ سے لی۔
TK-Record (1) by Fahim Patel on Scribd
شوکت عزیز نے سب سے زیادہ گھڑیاں لیں
سابق وزیراعظم شوکت عزیز نے سب سے زیادہ 34 گھڑیاں توشہ خانہ سے حاصل کی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 7 گھڑیاں، ان کی اہلیہ نے 1 جب کہ بیٹوں نے 5 گھڑیاں توشہ خانہ سے حاصل کیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے توشہ خانہ سے 11 گھڑیاں حاصل کیں۔
توشہ خانہ سے کس نے لیا؟ 2002 سے 2023 تک کا ریکارڈ سامنے آگیا
سابق صدر آصف علی زرداری نے 10 گھڑیاں۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے 7 گھڑیاں توشہ خانہ سے حاصل کیں۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ایک گھڑی توشہ خانہ سے حاصل کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ماضی میں بطور وزیر اعلیٰ 2 گھڑیاں توشہ خانہ سے حاصل کیں، تاہم بطور وزیراعظم ملنے والی گھڑیاں توشہ خانہ میں جمع کرا دیں۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 4 گھڑیاں حاصل کیں۔ سابق نیول چیف ایڈمرل ذکاء اللہ نے 13 اور ان کی اہلیہ نے توشہ خانہ سے 4 گھڑیاں حاصل کیں۔
بیس سال میں بارہ سو گھڑیاں
سال 2002 سے 2023 تک مجموعی طور پر 1200 سے زائد گھڑیاں حکومت پاکستان کو تحائف میں دی گئیں۔ جن میں سے بیشتر گھڑیاں، وزراء اعظم ان کی فیملیز، صدور، وفاقی وزراء، سیکرٹریز، آرمی افسران، نیول چیف ، صحافی، کیمرہ مین، حتیٰ کہ پروٹوکول افسران اور گن مینوں نے بھی حاصل کیں۔