ایسے کام کا سوچ بھی نہیں سکتے جس سے ملکی مفاد پر آنچ آئے، علی محمد خان

جمعہ 23 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ایسے کام کا نہیں سوچ سکتی جس سے ملکی مفاد پر آنچ آئے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان سے جیل میں ملنے والوں کو احتیاط سے بات کرنی چاہیے۔ وہ بات کریں جو عمران خان کا نقطہ نظر ہو۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ایک ہی بات کی تھی کہ ہم ملک کی خاطر آئی ایم ایف پروگرام کو سپورٹ کریں گے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے آج جیل میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کے دوران کہا تھا کہ انہوں نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر کہا ہے کہ اگر وہ پاکستان کو قرض دیتے ہیں تو ایسی صورت حال میں واپس کون کرے گا۔

دوسری جانب آج ہی پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر علی ظفر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو کوئی خط نہیں لکھا۔

علی محمد خان نے کہاکہ عوام نے پی ڈی ایم جماعتوں کو چاروں شانے چت کر دیا ہے۔ ’جب آپ کے گھر پر ڈاکا پڑ جائے تو ڈاکوؤں سے مذاکرات نہیں کیے جاتے بلکہ مال مسروقہ برآمد کیا جاتا ہے‘۔

ملکی مسائل پر سب سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں

انہوں نے کہاکہ ہم ملکی مسائل پر سب سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں مگر ان کے ساتھ حکومت نہیں بنائیں گے۔ سیاسی استحکام سچ مان کر اور سچ بول کر ہی آئے گا۔

علی محمد خان نے کہاکہ سیاست میں لوگ اپنی کمزوری چھپانے کے لیے دوسرے کو ٹارگٹ کرتے ہیں اور اس چکر میں رہتے ہیں کہ کیسے آپ کو زمین بوس کریں۔

علی محمد خان نے کہاکہ حکومت نہ بنی تو اپوزیشن میں بیٹھیں گے اور اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے حکومت کو آئینہ دکھائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp