سندھ اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا، گیلری میں موجود لوگوں کے نعرے

ہفتہ 24 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے۔

عام انتخابات کے بعد سندھ اسمبلی کا آج طلب کیا گیا پہلا اجلاس اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی صدارت میں 39 منٹ تاخیر سے شروع ہوا  تھا۔ اجلاس میں 148 نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔ ارکان سندھ اسمبلی نے سندھی، اردو اور انگریزی زبانوں میں حلف لیا۔

تقریب حلف برداری کے دوران، اسمبلی کی گیلری میں موجود لوگوں نے نعرے بازی شروع کردی، جس پر اسپکر آغا سراج درانی نے برہم ہوکر کہا، ’لوگ خاموش ہوجائیں ورنہ گیلری خالی کرا دوں گا۔ ایوان میں گھسنے نہیں دیا جائے گا، سندھ کے عوام احتجاج کرنے والوں کو مسترد کرچکی ہے۔‘

مراد علی شاہ تیسری بار وزیراعلیٰ بنیں گے

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مراد علی شاہ کو تیسری بار صوبے کا وزیراعلیٰ  نامزد کیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی میں اسپیکر کے لیے اویس شاہ جبکہ نوید انتھونی کو ڈپٹی اسپیکر نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سندھ اسمبلی کے ایوان کے لئے 130 جنرل نشستوں پر ارکان منتخب ہوتے ہیں ، جس کے بعد مخصوص نشستیں کا کوٹہ نکالا جاتا ہے، اس طرح سندھ اسمبلی کے ایوان میں 29خواتین جبکہ 9 اقلیتوں کی نشستوں کا اضافہ ہوتا ہے اور کُل ایوان 168 پر مشتمل ہوگا۔

سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی نے خواتین کی 20 اور اقلیتوں کی 6 مخصوص نشستیں حاصل کی ہیں جس کے بعد پیپلز پارٹی کے ارکان صوبائی  اسمبلی کی تعداد 114 ہوگئی ہے۔ ایم کیوایم ارکان کی تعداد 36 تک پہنچ گئی ہے جبکہ جی ڈی اے کے 3 ارکان ہیں۔ الیکشن کمیشن نےخواتین کی 2 اوراقلیتوں کی ایک سیٹ پرنوٹیفکیشن روکا ہوا ہے، سندھ اسمبلی میں 9 آزادارکان نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کی درخواست الیکشن کمیشن کو دی ہے۔
آج کے اجلاس میں جی ڈی اے اورجماعت اسلامی کے ارکان حلف نہیں اٹھائیں گے جبکہ پی ٹی آئی حمایت یافتہ ایم پی اے بھی آج اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔

جی ڈی اے، جے یو آئی اور جماعت اسلامی کا احتجاج

اس موقع پر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، جماعت اسلامی اور جمیعت علما اسلام کی جانب سے سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ نے سندھ اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کراچی کے ریڈ زون میں ایک ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔

سندھ اسمبلی کے افتتاحی اجلاس اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دھرنے کے اعلان کے بعد ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ کر کے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

ہم نے سوچ سے بڑھ کر سیٹیں حاصل کیں، مراد علی شاہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے سندھ میں وزارت اعلیٰ کے نامزد امیدوار مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم حلف اٹھائیں گے، لوگ احتجاج کرتے رہیں۔

سندھ اسمبلی پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ پیپلز پارٹی کو کتنی سیٹیں ملیں گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سوچ سے بڑھ کر نشستیں حاصل کیں، پاکستان میں مسائل بہت ہیں جنہیں مل کر حل کریں گے۔

پنجاب اسمبلی

پنجاب اسمبلی میں آج خفیہ رائے شماری کے ذریعے نو منتخب ارکان اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کریں گے۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج شام 4 بجے منعقد کیا جائے گا۔

پنجاب اسمبلی میں اسپیکر کے عہدے کے لیے ن لیگ کی جانب سے ملک محمد احمد خان جبکہ سنی اتحاد کونسل سے احمد خان بھچر نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔

ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے ن ليگ کے ظہیر اقبال چنڑ اور سنی اتحاد کونسل کے معین ریاض نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے 371 اراکین کے ایوان میں 321 نو منتخب اراکین نے حلف اٹھایا تھا۔ حلف اٹھانے والوں میں ن ليگ کے 193، سنی اتحاد کونسل کے 98، پیپلز پارٹی کے 13، مسلم لیگ ق کے 10، آئی پی پی کے 5 اراکین شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp